امریکہ پھرسے دنیا کی قیادت کے لیے تیار ہے: جوبائیڈن

0
39

واشنگٹن : امریکہ پھرسے دنیا کی قیادت کے لیے تیار ہے:اطلاعات کے مطابق امریکہ کے نو منتخب صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ دنیا کی قیادت سے پیچھے نہیں ہٹے گا بلکہ دنیا کی قیادت کرتے ہوئے مخالفین کا مقابلہ اور اتحادیوں کے ساتھ مل کر چلے گا۔

ان خیالات کا اظہار نو منتخب صدر نے منگل کو ریاست ڈیلاویئر کے شہر ولمنگٹن میں خارجہ اور قومی سلامتی کے اُمور سے متعلق اپنی نامزد کردہ ٹیم کے تعارفی سیشن کے دوران کیا۔

جو بائیڈن نے کہا کہ میری منتخب کردہ ٹیم اس پختہ یقین پر اعتماد رکھتی ہے کہ جب امریکہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے تو زیادہ مضبوط ہوتا ہے۔ اسی طرح ہم غیر ضروری فوجی تنازعات میں ملوث ہوئے بغیر امریکہ کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

بائیڈن نے کہا کہ میں نے اپنی کابینہ کے لیے جن اراکین کا انتخاب کیا ہے وہ نہ صرف خارجہ پالیسی کو درست کریں گے بلکہ وہ آنے والی نسلوں کے لیے خارجہ اور قومی سلامتی سے متعلق پالیسی ترتیب دیں گے۔ وہ مجھے اُن باتوں سے آگاہ کریں گے جن کا جاننا میرے لیے ضروری ہے نہ کہ میں کیا سنتا چاہتا ہوں۔

خیال رہے کہ نو منتخب صدر جو بائیڈن نے انٹنی بلنکن کو وزیر خارجہ نامزد کیا ہے جو امریکہ کی خارجہ پالیسی سے متعلق ٹرمپ انتظامیہ کے نکتۂ نظر سے بالکل مختلف رائے رکھتے ہیں۔

Leave a reply