گوجرہ: چوری کی کوشش ناکام، چور روشن دان میں پھنس کر ہلاک
گوجرہ ، باغی ٹی وی(نامہ نگارعبدالرحمن جٹ ): گوجرہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 160 گ ب میں ایک شخص کو چوری کی کوشش مہنگی پڑ گئی، جب وہ روشن دان میں پھنس کر مبینہ طور پر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
تفصیلات کے مطابق قمر عباس ولد عنایت علی جو کہ محلہ عباس نگر نارووال کا رہائشی تھا اور عارضی طور پر چک نمبر 160 گ ب میں مقیم تھا، نشے کا عادی ہونے کے ساتھ مبینہ طور پر چوری کی نیت سے ساجد نامی دکاندار کے ٹی اسٹال کے روشن دان کے ذریعے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ تاہم روشن دان میں پھنس گیا اور مبینہ طور پر جان کی بازی ہار گیا۔
صبح جب دکاندار نے دکان کھولنے کی کوشش کی تو اس واقعے کا انکشاف ہوا۔ دکاندار نے فوری طور پر 1122 کو اطلاع دی، جنہوں نے قمر عباس کی لاش کو روشن دان سے نکال کر ضروری قانونی کارروائی کے لیے گورنمنٹ اے آئی کام جنرل ہسپتال گوجرہ منتقل کیا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔