تیسرا ٹی20: ملر کی جارحانہ بیٹنگ، پاکستان کو فتح کیلئے 165رنز کا ہدف:پاکستان سیریزجیت سکتا ہے

0
29

لاہور:تیسرا ٹی20: ملر کی جارحانہ بیٹنگ، پاکستان کو فتح کیلئے 165رنز کا ہدف:پاکستان سیریزجیت سکتا ہے،اطلاعات کے مطابق جنوبی افریقہ نے ڈیوڈ ملر کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو فیصلہ کن ٹی20 میچ میں فتح کے لیے 165 رنز کا ہدف دیا ہے۔

جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں محمد نواز نے ریزا ہینڈرکس کی وکٹیں بکھیر دیں جبکہ اگلے اوور میں اسپنر نے جے جے اسمٹس کا بھی کام تمام کردیا۔

جینمین ملان اور پائٹ وین بلجون نے اسکور 41 تک پہنچایا، بلجون نے حسن علی کو لگاتا تین چوکے لگائے لیکن چوتھی گیند پر حسن نے انہیں باؤلڈ کر دیا۔

اس موقع پر اسپنر زاہد محمود کو باؤلنگ کے پاس لایا گیا جنہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں جنوبی افریقی کپتان کو گولڈن ڈک پر شکار کرنے کے بعد اگلی ہی گیند پر 27 رنز بنانے والے ملان کو بھی چلتا کردیا۔

اگلے اوور میں عثمان قادر نے ایندائل فلکوایو کو بھی چلتا کرکے پاکستان کو چھٹی کامیابی دلا دی۔زاہد محمود نے پاکستان کو ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے ڈیوین پریٹوریس کو بھی اپنا شکار بنا لیا۔65 رنز پر 7 وکٹیئں گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ جنوبی افریقی ٹیم کی بساط جلد ہی لپٹ جائے گی لیکن ڈیوڈ ملر نے شاندار بیٹنگ سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

تجربہ کار ڈیوڈ ملر نے جارحانہ انداز اپنایا اور بیجورن فورٹئین کے ساتھ مل کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی، بیجورن 10رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ملر نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ناصرف اپنی نصف سنچری مکمل کی بلکہ جنوبی افریقہ کی اچھے اسکور تک رسائی بھی یقینی بنائی۔

جارح مزاج بلے باز نے اننگز کے آخری اوور میں 4 چھکوں سمیت 25 رنز بنائے اور 45 گیندوں پر 7 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 85 رنز کی اننگز کھیلی۔

جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے زاہد محمود نے تین جبکہ حسن علی اور محمد نواز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں اور حارث رؤف، خوشدل شاہ اور افتخار احمد کی جگہ آصف علی، حسن علی اور پہلا میچ کھیلنے والے زاہد محمود کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

جنوبی افریقہ نے بھی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے اضافی اسپنر بیجورن فورٹوئین کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

 

پاکستان: بابر اعظم(کپتان)، محمد رضوان، حیدر علی، حسین طلعت، آصف علی، حسن علی، محمد نواز، فہیم اشرف، عثمان قادر، شاہین شاہ آفریدی، زاہد محمود۔

 

جنوبی افریقہ: ہنری کلاسن(کپتان)، جینمن ملان، ریزا ہینڈرکس، جے جے اسمٹس، پائٹ وین بلجون، ڈیوڈ ملر، ڈیوین پریٹوریس، ایندائل فلکوایو، بیجورن فورٹوئین، لوتھو سیپاملا، تبریز شمسی۔

Leave a reply