جاسوسی کے الزامات پر گرفتارہونےوالوں کو 10 سال قید کی سزا

0
18

تہران : جاسوسی کے الزامات پر گرفتارہونےوالوں کو 10 سال قید کی سزا،اطلاعات کے مطابق ایران کی عدالت نے 2 افراد کو برطانیہ، جرمنی اور اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے الزامات کے تحت 10، 10 سال قید کی سزا سنادی۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسمٰعیلی نے کہا کہ ان میں ایک شخص مسعود مصاحب آسٹرین ایرانین سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری کی آڑ میں موساد اور جرمنی کے لیے جاسوسی کرتے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ مصاحب نے انہیں ایران کی میزائل، نیوکلیئر، نینو ٹیکنالوجی اور طبی شعبے کے حوالے سے معلومات فراہم کیں۔

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ دوسرے شخص شاہرام شرکانی ہیں جو برطانوی خفیہ ادارے کے لیے کام کررہے تھے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ شاہرام شرکانی بدعنوان حکام اور لوگوں کو بھرتی کرنے کے خواہاں تھے اور انہوں نے برطانیہ کو مرکزی بینک، میلی بینل اور وزارت دفاع سے متعلق معاہدوں کی معلومات فراہم کیں۔

عدالتی ترجمان نے کہا کہ وزارت خارجہ، دفاع اور صنعت کے علاوہ وزارت توانائی، صنعت اور ایران کی اٹامک ایجنسی کے لیے کام کرنے والی کمپنیوں میں جاسوسی کے الزام میں 5 مزید افراد کو حال ہی میں حراست میں لیا گیا ہے۔انہوں نے ان افراد پر لگائے گئے الزامات یا ان کی شناخت کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔

خیال رہے کہ آسٹریا نے گزشتہ برس کے وسط میں مسعود مصاحب کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا جن کی عمر اس وقت 72 برس تھی۔آسٹریا کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ان کے خلاف کوئی باضابطہ چارجز نہیں لگائے گئے اور ان کی حراست کی وجوہات بھی نامعلوم ہیں۔

انہیں جنوری 2019 میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے اہل خانہ کا کئی ہفتوں تک ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا تھا بعد ازاں انہیں معلوم ہوا تھا کہ مسعود مصاحب تہران کی جیل میں قید ہیں۔

Leave a reply