جھنگ: تھانہ میں آنے والے متاثرین کی بروقت دادرسی کو یقینی بنایا جائے۔ڈی پی او

جھنگ،باغی ٹی وی(نامہ نگار عظیم حمید) ڈی پی او جھنگ محمد راشد ہدایت نے تھانہ جات کے فرنٹ ڈیسک سٹاف سے ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں میٹنگ کی۔میٹنگ میں ضلع بھر کے فرنٹ ڈیسک سٹاف نے شرکت کی۔ڈی پی او جھنگ نے بہترکارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرفرنٹ ڈیسک سٹاف میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ڈی پی او جھنگ کاکہنا تھا کہ شہریوں کی داد رسی کے لئے ضلع کے تمام تھانہ جات میں فرنٹ ڈیسک آفیسرزتعینات کئے گئے ہیں جسکا مقصدمتاثرین کی بروقت مدد کو یقینی بنانا ہے۔تھانہ کلچر میں تبدیلی کیلئے فرنٹ ڈیسک سٹاف کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کے قیام سے پولیس اور عوام رابطہ میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔فرنٹ ڈیسک افسران دستیاب وسائل کو بروئے کا ر لاتے ہوئے اپنا کام انتہائی دیانت داری سے کریں۔ شہریوں کے ساتھ حسن و سلوک سے پیش آئیں اور انکی شکایات کا بروقت اندراج کریں تاکہ شہریوں اور پولیس کے مابین اعتماد کی فضا پیدا ہو سکے۔ڈی پی او جھنگ محمد راشد ہدایت کا مزید کہناتھا کہ آپ سب اپنا کام محنت، ایمانداری اور خدمت کے جذبے سے سر شار ہو کر کریں تاکہ شہریوں میں احساس تحفظ پیدا ہو۔فرائض کی انجام دہی ایمانداری سے کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی،شہریوں کو انصاف کی بروقت فراہمی میں سستی یا رکاوٹ ہر گزبرداشت نہیں کی جائے گی ۔

Leave a reply