گجرات میں زمین کے تنازع پر مخالفین کی فائرنگ سے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) امیدوارجاں بحق ہوگئے۔
باغی ٹی وی : پولیس کے مطابق تھانہ کڑیانوالہ میں ملک ثاقب نواز گھر سے کھیتوں میں جا رہے تھے کہ مخالفین نے فائرنگ کردی مخالفین کی فائرنگ میں ملک ثاقب نواز جاں بحق ہوگئے ملک ثاقب نواز ٹی ایل پی کا پی پی 29 سے امیدوار تھا واقعے کا مقدمہ شہبازگجر، انور گجر سمیت 6 ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا ہے جبکہ 2 ملزمان کوگرفتارکرلیاگیا اور دیگر کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب ہری پور میں معمولی تکرار کے بعد فائرنگ سے دو نوجوان قتل کردئیے گئے واقعہ ہری پور تھانہ حطار کی حدود محلہ رڑیاں میں پیش آیا، جہاں معمولی جھگڑے کے بعد فائرنگ کرکے سرمد علی ولد عبداسلام عمر 18 سال اور 21 سالہ ابراہیم ولد میر رحمان کو قتل کردیا گیا فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، مقتولین اور ملزمان آپس میں رشتہ دار بتائے جاتے ہیں پولیس نے لاشیں اسپتال منتقل کر کے تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
علاوہ ازیں کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے گشت کرنے والی پولیس پر دستی بم حملہ کیاجس کے نتیجے میں پولیس افسر اور چار راہ گیر زخمی ہوگئے جبکہ گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق منگل کی شب تھانہ زرغون آباد پولیس کی سیکنڈ موبائل معمول کی گشت پر تھی کہ نواں کلی پستونستان چوک کے قریب موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم دہشت گردوں نے پولیس وین پر دستی بم پھینکا دستی بم دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار پولیس اے ایس آئی خدائیداد خان اور قریب سے گزرنے والے چار راہ گیر زخمی ہوگئے۔
دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دھماکے سے گاڑی کو بھی جزوی نقصان پہنچا واقعہ کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے موقع سے شواہد اکھٹے کئے اور حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی تھانہ سی ٹی ڈی میں واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا، اسپتال ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت تسلی بخش ہے۔