اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان)اوچ شریف میونسپل کمیٹی کے باکمال اور ایماندارچیف آفیسرکی وجہ سے عالمی شہرت یافتہ مقبرہ بی بی جیوندی اور گورنمنٹ بوائز ایلمنٹری سکول کے اطراف گندگی کے ڈھیر لگ گئے،اہل محلہ اور زائرین سمیت طلباء واساتذہ کرام کی زندگی اجیرن بن کر رہ گئی ، شہر کے اندرونی علاقے فلتھ ڈپو میں تبدیل ہوگئے، جگہ جگہ کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگنے شروع ہو گئے ، تعفن نے شہریوں کا جینا حرام کر دیا، شہریوں نے اندرون شہر کے گلی محلوں اور چوک چوراہوں میں بنے فلتھ ڈپوؤں کااعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ کردیا
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی اس وقت پورے پنجاب کو ایک صاف ستھرا پنجاب بنانے میں لگے ہوۓ ہیں اور اس وقت پورے پنجاب میں چمکیں گے گاٶں پروگرام بڑے اہتمام کے ساتھ جاری ہے جبکہ اس کے برعکس اوچ شریف شہر جو کہ قدیمی شہر ہےاس شہر کی صفائی ستھرائی کے حوالے سے حالت انتہائی ابتر ہو چکی ہے جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر اور سیوریج کا گندا پانی گلی محلوں مین شاہراؤں پر کھڑا نظر آتا ہے جو میونسل انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کا منہ بولتا ثبوت ہے
عالمی شہرت یافتہ مقبرہ بی بی جیوندی اور مزارات کو جانے والے راستوں پر گندگی اور کوڑے کرکٹ کے انبار لگے ہوئے ہیں جبکہ شہر کے گنجان آباد گلی محلوں میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان علاقوں میں بنے فلتھ ڈپوؤں سے جان چھڑائی جائے کیونکہ مختلف گلیوں اور محلوں کا کوڑا کرکٹ چوک چوراہوں اور خالی پلاٹوں میں سینٹری ورکر پھینک کر بری الذمہ ہو جاتے ہیں جس کی بنیادی وجہ اندرون شہر کے گلی محلوں میں روزانہ کی بنیاد پر صفائی کا تواتر سے نہ ہونا ہے۔گندگی کے ڈھیر وں سے اٹھنے والے تعفن نے مکینوں کا جینا محال کر رکھا ہے ،گندگی کے ڈھیروں پر پلنے والے مچھر اور دیگر حشرات الارض مہلک امراض پھیلانے کا سبب بھی بن رہے ہیں
اوچ شریف میں مقیم شہریوں کو روزمرہ کے معمولات میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے سکول کے لیے جانے اور آنے والے طلبہ اور طالبات کو بھی شدید پریشانی سے گزرنا پڑتا ہےمیونسپل کمیٹی کے باکمال ایماندارچیف آفیسرسب اچھا کی رپورٹ سے مطمئن ہے،اہلیان اوچ شریف نے اعلی حکام سے خاموش تماشائی بنی انتظامیہ کے خلاف نوٹس اور اصلاح احوال کا فوری مطالبہ کیا ہے