باغی ٹی وی کی طرف سے قوم کو عیدمبارک !شوال کا چاند نظر آگیا، کل بروزاتوارعید الفطر ادا کی جائے گی

0
27

لاہور :باغی ٹی وی کی طرف سے قوم کو عیدمبارک !شوال کا چاند نظر آگیا، کل بروزاتوارعید الفطر ادا کی جائے گی ،اطلاعات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کا چاند نظر آنے اور عیدالفطر اتوار (24 مئی) کو منانے کا اعلان کردیا

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کہ ‘پاکستان میں بیشتر مقامات پر مطلع صاف تھا، پسنی سے چاند دیکھے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں، دیگر مقامات سے بھی چاند دیکھے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔’

قبل ازیں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کے کراچی کے دفتر میں مفتی منیب الرحمٰن کی زیر صدارت ہوا۔اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کے علاوہ محکمہ موسمیات کے ماہرین بھی شریک تھے۔

ملک کے دیگر صوبوں میں رویت ہلال کی زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی منعقد ہوئے۔

واضح رہے کہ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ ان کی وزارت کے تیار کردہ چاند کے کیلینڈر کے مطابق پاکستان میں کل (24 مئی کو) عیدالفطر ہوگی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ آج سانگھڑ، پسنی، جیونی، بدین اور ٹھٹہ میں 7 بجکر 36 منٹ سے لے کر 8 بج کر 14 منٹ کے درمیان چاند دیکھا جاسکتا ہے۔

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ پشاور میں مفتی پوپلزئی نے کل عید منانے اعلان کیا ہے حالانکہ پشاور میں آج بھی چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے فواد چوہدری کی جانب سے عید کی تاریخ کا اعلان کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید کا شرعی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی آج کراچی میں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عید کا شرعی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی آج کراچی میں کرے گی اور کمیٹی کے فیصلے کے مطابق پاکستان کے عوام اور حکومت عید منائے گی۔

نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ شریعت اور دین چاند کی رویت اور شہادت پر اعتماد کرتی ہے، شہادت اور رویت کے لیے سائنس اور جدید آلات کی معاونت لی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے آج چاند نظر آنے امکانات کم ظاہر کیے تھے۔

Leave a reply