توشہ خانہ ٹو،عمران ،بشریٰ پر پھر فردجرم عائد نہ ہو سکی، سماعت ملتوی
اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو ریفرنس پر سماعت 8 نومبر تک ملتوی کر دی گئی
بانی پی ٹی آئی عمران خان کوکمرہ عدالت میں پیش کیا گیا ،عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست منظور کر لی،عدالت نے آئندہ سماعت پر بشریٰ بی بی کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔عمران خان کے وکلا نے بریت کی درخواستوں پر دلائل دیئے، پبلک پراسیکیوٹر نے بریت کی درخواستوں کی مخالفت کی،اگلی سماعت پر سلمان صفدر بریت کے حق میں دستاویزات جمع کروائیں گے ،
دوران سماعت پبلک پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت میں دلائل دیئے گئے،پبلک پراسیکیوٹر نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں کی مخالفت کی اور کہا کہ بریت کی درخواستیں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کو تاخیر کا شکار کرنے کی کوشش ہیں ،عدالت فرد جرم عائد کرنے کیلئے تین ، چار تاریخیں دے چکی مگر فرد جرم عائد نہیں ہونے دی جارہی،عدالت توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کرے ۔عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کے حق میں کچھ دستاویزات جمع کروانا چاہتے ہیں وقت دیا جائے ،عدالت نے وقت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 8 نومبر تک ملتوی کر دی