اوچ شریف: مٹی و ریت سے بھری ٹریکٹر ٹرالیوں کا گردوغبار ،سانس لینا محال

اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف شہر میں مٹی و ریت سے بھری ٹریکٹر ٹرالیوں کی گردوغبار نے شہر کا حسن برباد کر دیاشہری دمے اور آشوب چشم میںمبتلا ہونے لگے ۔ آنکھوں میں دھول مٹی ،گردوغبار کی وجہ سے حادثا ت رونما ہو نے لگے۔ ٹریفک پولیس کی مسلسل خاموشی سے شہری مایوسی کا شکار، اعلیٰ حکام سے کارروائی کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق اوچ شہر اور گردونواح میں ٹریکٹرٹرالیوں پر لائی جانے والی مٹی ، ریت کے اوپر ترپال اور پیچھے تختہ نہ ہونے سے جگہ جگہ گرنے اور اڑنے والی مٹی، ریت کے ڈھیروں سے اُٹھنے والی دھول پیچھے سے آنے والے موٹر سائیکل سواروں اور رکشے پر سفر کرنے والے مسافروں کے لیے موت کا سبب بن رہی ہے ، دھول ،مٹی کی شدت سے متعدد مرتبہ حادثات رونما ہوچکے ہیں اور شہری آشوب چشم اور دمے کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔شہریوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ایسے لگتا ہے جیسے اوچ شریف شہر کی ٹریفک پولیس نے بااثر افراد کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے ہیں جسکی وجہ سے ٹریفک پولیس عمارتی سامان لانے والے ٹریکٹر ٹرالیوں کے ڈرائیوروں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔ٹریکٹر ٹرالیوں کے اکثر مالکان قانون کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے کم عمر لڑکوں سے ہیوی ٹریکٹر ٹرالیوں کی ڈرائیوری کروانا اپنا مشغلہ سمجھتے ہیں ،اکثر اوقات نو عمر ڈرائیور کراسنگ کے دوران ٹریکٹر ٹرالیاں آہستہ کرنے کیلئے بڑی مشکل کے ساتھ ٹریکٹر کے اوپر کھڑے ہو کر بریک کا سہارا لیتے ہیں جس کی وجہ اکثر اوقات بریک نہ لگنے کی وجہ سے حادثات رونما ہوتے ہیں ، ٹریکٹر ٹرالیوں کے مالکان کی بے حسی اور لاپروائی سے روڈ ایکسیڈنٹ میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔
شہریوں نے آئی جی پنجاب ، آر پی او بہاولپور، ایس پی ٹریفک بہاولپور، ڈی پی او بہاولپور ، ڈ ی ایس پی ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ صبح اور دن کے اوقات میں عمارتی سامان شہر میں منتقل کرنے والے ٹریکٹر ٹرالیوں کے مالکان وڈرائیورز پر سخت پابندی عائد کی جائے اور خلاف ورزی کے مرتکب ڈرائیوروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائیں جائیں تاکہ شہریوں کو حادثات اور بیماریوں سے محفوظ بنایا جا سکے