لاہور کی تاجر برادری کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سڑکوں پر آگئی

0
30

لاہور : ہر پاکستانی کشمیری ہے اورپھر پاکستانیوں نے یہ ثابت بھی کردکھایا ، آج وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنے کے لیے ہر پاکستانی گھروں سے باہر نکل آیا اورکشمیریوں سے بھرپور انداز میں اظہار یکجہتی کیا ، ایسے ہی لاہور میں بھارتی مظالم کیخلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے شہر کی تاجر برادری بھی سڑکوں پر نکل آئی، تاجر برادری نے کشمیر بنے گاپاکستان کے نعرے لگائے اور کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑے رہنے کے مصمم عزم کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق شہرکی تاجر برادری بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے میدان میں آگئی، پاکستان ٹریڈرزالائنس کے مرکزی قائدین کے زیراہتمام لبرٹی گول چکر پر تاجروں کیساتھ ریلی نکالی گئی، مرکزی قائدین عرفان اقبال شیخ، محمدعلی نے کشمیریوں کے حق میں زبردست نعرے بازی کر کے تاجروں کا لہو گرمایا۔

کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے لاہور چیمبر عہدیداران کی جانب سے چیمبر سے گورنر ہاؤس تک ریلی نکالی گئی، سینئرنائب صدر خواجہ شہزاد ناصر، نائب صدر فہیم الرحمن سیگل نے ریلی کی قیادت کی، سینکڑوں تاجر رہنماؤں اور صنعتکاروں نے ریلی میں شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق لاہور کی دیگر مارکیٹوں کے تاجروں کی طرح اچھرہ مارکیٹ، فوٹو کیمرہ مارکیٹ، برانڈرتھ روڈ کے تاجروں نے بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالیں، صدر اچھرہ بازار حاجی اشفاق نے کہا کہ بھارت آرٹیکل تین سو ستر اور پینتیس اے ختم کر کے کشمیریوں کا الگ تشخص ختم نہیں کرسکتا۔

لاہور شہرکی تاجر برادری نے کشمیریوں کی مالی، سماجی، سیاسی حمایت جاری رکھنے اور کشمیر کی آزادی کیلئے تن من دھن کی قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔یاد رہے کہ تاجر برادری پہلے بھی کشمیری مسلمانوں سے اظہاریکجہتی کرتی ہے اور اپنا سب کچھ کشمیری مسلمانوں کی خاطر قربان کرنے کا عزم بھی رکھتی ہے.

Leave a reply