شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا 145 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے

0
21

شاعر مشرق اور عظیم مفکر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 145 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے، مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی-

باغی ٹی وی : پاکستان نیوی کے دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کی اعزازی ذمہ داری سنبھال لی ،پاک بحریہ کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور ساجد حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے-

علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر میں حاصل کی اور پھر لاہورآ گئے ان کے والد کا نام شیخ نور محمد تھا، 1899 میں ایم اے کرنے کے بعد اورینٹل کالج میں شعبہ درس و تدریس سے وابستہ ہوگئے اور اس دوران شاعری بھی جاری رکھی۔

علامہ اقبال نے 1905 میں برطانیہ چلے گئے جہاں پہلے انھوں نے کیمبرج یونیورسٹی ٹرنٹی کالج میں داخلہ لیا اور پھر معروف تعلیمی ادارے لنکنزاِن میں وکالت کی تعلیم لینا شروع کردی بعد ازاں بعد وہ جرمنی چلے گئے جہاں میونخ یونیورسٹی سے انھوں نے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی-

ڈاکٹر محمد اقبال نے 1910 میں وطن واپسی کے بعد وکالت کے ساتھ سیاست میں بھی حصہ لینا شروع کیا اور اپنی شاعری کے ذریعے فکری اور سیاسی طور پر منتشر مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 20ویں صدی کے معروف مفکر، شاعر، مصنف، قانون دان، سیاست دان، مسلم صوفی اور تحریک پاکستان کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک تھے۔

شاعر مشرق نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ یورپ اور انگلستان میں گزارا لیکن انہوں نے انگریزوں کا طرز رہن سہن کبھی نہیں اپنایا، اپنی شاعری میں علامہ اقبال نے زیادہ تر نوجوانوں کو مخاطب کیا، علامہ اقبالؒ کو دورِ جدید کا صوفی بھی سمجھا جاتا ہے۔

علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلانے کے لیے جداگانہ قومیت کا احساس اُجاگر کیا اور اپنی شاعری سے مسلمانوں کو بیدار کیا اُن کے افکار اور سوچ نے اُمید کا وہ چراغ روشن کیا جس نے نا صرف منزل بلکہ راستے کی بھی نشاندہی کی۔

علامہ اقبال کا شہرہ آفاق کلام دُنیا کے ہر حصے میں پڑھا اور سمجھا جاتا ہے، انہوں نے ہمیشہ مسلمانوں کو آپس میں اتحاد اور اتفاق کی تلقین کی اور دعوت عمل دی۔

1934 کو مسلم لیگ کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے رکن بنے تاہم طبیعت نے ان کا ساتھ نہ دیا اور وہ قیام پاکستان سے 9 برس قبل 21 اپریل 1938 کو لاہور میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے آپ کا مزار بادشاہی مسجد کے سائے میں مرجع خلائق ہے۔

حکومت پاکستان نے کئی سال کے بعد رواں برس مفکر پاکستان کے یوم پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

Leave a reply