تُم حق ہو — اسامہ منور

0
25

تم حق کے لئے جب بھی اُٹھو گے، بولو گے، لڑو گے، تب تب لوگ تمھارے دشمن ہوتے چلے جائیں گے. کم لوگ تمھاری تصدیق کریں گے مگر زیادہ تر تمھاری تکذیب کریں گے لیکن ایک بات ہمیشہ یاد رکھنا حق مقدار میں کم ہوتا ہے لیکن معیار میں بہت ہوتا ہے.

بدر و حنین یاد رکھنا، تمھیں حوصلہ ملے گا. احد کو یاد رکھنا، تمھیں خود کو بہتر بنانے کا موقع ملے گا، خندق و تبوک تمھارے اندر جوش و ولولہ پیدا کریں گے.

اور کربلا تمھیں حق اور باطل کے درمیان فرق سکھا دے گا، بس جب کبھی کربلا جیسی نوعیت ہو تو اس صف میں جانا جہاں پر تھوڑے مگر پکے لوگ ہوں گے لیکن اس صف سے بچنا جہاں پر تعداد تو کثیر ہو گی لیکن مفاد پرست زیادہ ہوں گے.

وہ تُم پر ٹُوٹ پڑیں گے لیکن تمھیں ڈرا نہیں سکیں گے، وہ تُمھیں کاٹ تو دیں گے لیکن مار نہیں سکیں گے وہ اپنی کمزوری کو چھُپانے کے لیے تُمھیں جھوٹا کہیں گے لیکن تُم پریشان مت ہونا، انھیں آنکھیں دکھانا اور سیسہ پلائی دیوار کی طرح ٹکرا جانا، تُم ہار جاؤ گے تو بھی فتح تمھاری ہو گی اور تم قیامت تک کی نسلوں پر راج کرو گے.

زندگی میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں، ہمیں ہر طرح کے مواقع میسر آتے ہیں. تمھیں بھی آزمایا جائے گا. طاقت دے کر، رتبہ دے کر، مال و دولت دے کر اور جاہ و جلال دے کر.

لیکن یاد رکھنا اپنی طاقت کو حق کے لیے ہی استعمال کرنا،ہمیشہ حق کا ساتھ دینا خواہ سامنے خونی رشتہ دار ہی کیوں نہ ہو. تمھاری امید کبھی نہ ٹوٹنے پائے اور تمھارا جھکاؤ کبھی بھی باطل کی جانب نہیں ہو.

تم جب تک حق پر رہو گے تمھاری شناخت باقی رہے گی اور تم امر ہو جاؤ گے لیکن باطل کا ساتھ دینے سے تم سب کچھ گنوا بیٹھو گے اور فانی ہو جاؤ گے.

یزید کو بھی مان تھا، اقتدار کا اسے زعم تھا دولت کا اور غرور تھا کُرسی کا، لیکن تم دیکھ لو، لوگ اسے کن لفظوں میں یاد کرتے ہیں اور کن کن القابات سے نوازتے ہیں.

رسوائیاں ہمیشہ کے لیے اس کے مقدر میں لکھ دی گئی ہیں مگر حسین رضی اللہ عنہ کو دنیا قیامت تک ایک بہادر سپہ سالار، ایک طاقت ور بیٹے اور ایک اصول پسند امام کے طور پر جانے گی. یزید تھا جبکہ حسین رہے گا.

حق اور حسین رضی اللہ عنہ کبھی جدا نہیں ہو سکتے. حق کا ساتھ دینا، لوگ کچھ بھی کہیں، کافر کہیں یا منافق، دائرہ اسلام سے خارج کہیں یا تمھارے کردار پر انگلی اُٹھائیں، کبھی دلبرداشتہ مت ہونا. تُم حسینی ہو، تُم حق ہو اور حق کو کبھی زوال نہیں آتا.

Leave a reply