تربت میں مسافر بس پر حملہ، کالعدم بی ایل اے نے ذمے داری قبول کرلی

زخمیوں میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے تربت میں ایف سی کی بس پر بم حملہ ہوا ہے,حملے کی ذمے داری دہشت گردی میں ملوث کالعدم بی ایل اے نے قبول کرلی ہے۔

باغی ٹی وی : اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے شہر تربت کے علاقے ڈھنگ میں دھماکا ہوا جس میں بس کنڈکٹر سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 35 افراد زخمی ہوگئے ہیں، پولیس کے مطابق زخمیوں میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے کے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے-

دھماکے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا،پولیس کا کہنا ہےکہ دھماکےکے حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرا افسوس اور دکھ ہوا، معصوم افراد کو نشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے بھی لائق نہیں، دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گرد تنظیم بی ایل اے نے تربت میں معصوم شہریوں کو حملے کا نشانہ بنایا اور اس حملے کی ذمے داری قبول کی ہے، جاں بحق افراد کا تعلق بلوچستان کے مختلف علاقوں سے ہے، حملے سے ثابت ہوتا ہے کہ کالعدم تنظیم مذموم مقاصد کےلیے شہریوں کو نشانہ بناتی ہے، جو عوام دشمنی میں بیرونی قوتوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کالعدم بی ایل اے نے 1 سال میں 100 سے زائد معصوم بلوچ شہریوں کی جان لی ہے۔

Comments are closed.