ترکی:7 شدت کا زلزلہ،15 افراد جاں بحق: پاکستان کا اظہارافسوس: امدادی سرگرمیوں کی پیشکش

انقرہ:ترکی:7 شدت کا زلزلہ،15 افراد جاں بحق: پاکستان کا اظہارافسوس،امدادی سرگرمیوں کی پیشکش ،اطلاعات کے مطابق آج شام ترکی اور یونان میں 7.0 شدت کا زلزلہ آیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں اور 15سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ ترک شہر ازمیر کے گردو نواح میں آیا جس کی شدت امریکی ریکٹر اسکیل کے مطابق 7.0 ریکارڈ کی گئی۔

دوسری طرف پاکستان نے ترکی کے صوبے ازمیر میں شدید زلزلے کا سن کر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کا کہنا ہے کہ ہمیشہ کی طرح پاکستانی عوام اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ہماری نیک تمنائیں اور دعائیں متاثرین کے ساتھ ہیں۔

 

 

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق زلزلہ کی گہرائی 16.5 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کے جھٹکے ترکی کے مغربی ساحل پر محسوس کیے گئے۔ زلزلوں کے جھٹکے بلغاریہ اور یونان میں بھی محسوس کیے گئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی اور یونان فالٹ لائن پر موجود ہیں جہاں پر اکثر اوقات زلزلے آتے رہتے ہیں۔

زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی ترکی کے ساحلی شہر ازمیر میں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے جبکہ شہر کے وسطی علاقے میں ایک عمارت بھی منہدم ہوگئی جبکہ مجموعی طور پر 6 عمارتوں کے گرنے کی اطلاعات ہیں۔ اب تک ملبے تلے دبے 72 افراد کو زندہ نکالا جاچکا ہے۔

ترک خبر رساں ادارے اناطولیہ کے مطابق استنبول کے گورنر کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے استنبول میں بھی محسوس کیے گئے جبکہ سونامی کی وارننگ کے بعد متعدد علاقوں میں سمندر کی سطح بلند ہونے کے بعد پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا۔

ترک میڈیا کے مطابق ترکی میں زلزلے کے بعد سے متعدد افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہیں جبکہ زلزلے کے بعد ترکی اور یونان نے مشکل کی گھڑی میں ایک دوسرے کی امداد پر اتفاق کیا ہے۔

 

اُدھر زلزلے کے بعد ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم نے نوٹس لیا ہے اور فوری طور پر شہریوں کی امداد کے لیے اداروں اور متعلقہ وزارتوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.