ڈاکوبینک سے لوٹ کرلانے والے ڈھائی کروڑروپے سڑک پرچھوڑگئے

0
45

براسیلیا: ڈاکوبینک سے لوٹ کرلانے والے ڈھائی کروڑروپے سڑک پرچھوڑگئے،اطلاعات کے مطابق برازیل میں ڈکیتی کی واردات میں ایک ڈرامائی موڑ اس وقت آیا جب بھاری اسلحے سے پولیس کا مقابلہ کرنے والے ڈاکو لوٹا ہوا مال ہی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق پیر کو ہونے والی اس واردات میں چوروں نے نصف شب کو برازیل کے جنوبی شہر کرائیسیوما کے ایک بینک میں نقب زنی کی واردات کی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری بینک پہنچی تاہم انہیں شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

سوشل میڈیا پر اس ڈکیٹی کی وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں ہولناک مناظر دیکھے جاسکتے ہیں۔ بینک کے تجوریاں خالی کرنےو الے ان نقب زنوں نے پولیس کے خلاف خود کار ہتھیار استعمال کیے،

ایک ٹرک کو دھماکے سے اُڑا دیا اور فرار کا راستہ حاصل کرنے کے لیے کئی راہ چلتے افراد کو یرغمال بنا کر پولیس کی گرفت سے نکلنے کے لیے جاں توڑ کوشش کی۔ملزمان کی جانب سے کیے گئے دھماکے کے نتیجے میں نقد رقم کو نقصان بھی پہنچا اور کرنسی نوٹوں کے پرزے سڑک پر بکھر گئے۔

پولیس سے اس شدید مقابلے کے دوران یہ چور اپنی جان تو بچانے میں کام یاب ہوگئے لیکن بینک سے نقد رقم کی گڈیاں سڑک پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ شہریوں نے سڑک پر موجود گڈیوں اور بکھرے نوٹوں سے خوب انصاف کیا اور جس کے ہاتھ جو اور جتنا لگا ، لے کر چلتا بنا۔

پولیس چوروں کو تو گرفتار نہ کرسکی تاہم سڑک پر بکھرے نوٹوں اور نقدی کے پرزے جمع کرنے والے چار شہریوں کو ضرور دھر لیا۔

حکام کے مطابق نقب زنی کی اس واردات میں 30 چور ملوث تھے جب کہ وہ مقامی کرنسی میں 8 لاکھ دس ہزار نقد چھوڑ کر فرار ہوئے۔ یہ رقم ڈالر میں 1 لاکھ 52 ہزار سے زائد بنتی ہے جب کہ پاکستانی کرنسی میں یہ رقم کم و بیش ڈھائی کروڑ روپے بنتی ہے۔

Leave a reply