ملک میں دو عیدیں، وفاقی وزیر مذہبی امور کابیان کے پی حکومت کے موقف کی تائید؟

0
40

اسلام آباد:ملک میں دو عیدیں، وفاقی وزیر مذہبی امور کابیان کے پی حکومت کے موقف کی تائید؟ اطلاعات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے ملک میں دو عیدوں کے معاملے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

مفتی عبدالشکور کا کہنا تھاکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی آزاد ادارہ ہے، ہم مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتے۔ان کا کہنا تھاکہ ہم صرف مرکزی کمیٹی کو درخواست کرسکتے ہیں کہ شہادتوں کو نظر انداز نہ کیا جائے۔

خیال رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ملک میں چاند نظر نہ آنے اور 3 مئی کو عید الفطر کا اعلان کیا ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت نے کل بروز پیر سرکاری سطح پرعید الفطر منانے کا اعلان کردیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کل عید الفطر منانے کا فیصلہ کر لیا ہے، وہ پیر کو گورنر ہاؤس پشاور میں عید الفطر کی نماز ادا کریں گے، کابینہ اراکین اور سرکاری حکام بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ عید الفطر کی نماز ادا کریں گے۔

اس حوالے سے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے شوال المکرم کے چاند سے متعلق اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے شوال المکرم کا چاند دیکھنے کی 130 شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے پیر 2 مئی کو سرکاری طور پر عید الفطر منانے کا فیصلہ کیا ہے، کل صوبے بھر میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی۔

صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی نے کل عید الفطر کا اعلان کردیا۔

مفتی پوپلزئی کی زیرصدارت غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور کی مسجد قاسم خان میں ہوا۔مسجد قاسم خان میں اعلان کرتے ہوئے مفتی پوپلزئی کا کہنا تھاکہ شوال کا چاند نظر آگیا ہے لہٰذا یکم شوال المکرم اور عیدالفطر پیر 2 مئی 2022 کو عیدالفطر ہوگی۔

دوسری طرف مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے آج عید کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا ہے۔پاکستان میں آج شوال کا چاند نظر نہیں آیا ہے اور عید الفطر 3 مئی بروز منگل کو ہوگی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق پاکستان میں شوال 1443 کا چاند کہیں نظر نہیں آیا، پہلی شوال اور عید الفطر 3 مئی 2022 بروز منگل ہوگی اور اس سال رمضان المبارک کے 30 دن مکمل ہوں گے۔عیدکا چاند دیکھنےکے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کسی بھی جگہ چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، کل 30 واں روزہ ہوگا اور عید الفطر 3 مئی بروز منگل کو ہوگی۔

مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اکثر مقامات پر مطلع صاف تھا، کچھ مقامات پر ابر آلود بھی رہا، اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ عید الفطر 3 مئی کو ہوگی۔

اس سے قبل صوبہ پنجاب اور سندھ کی زونل رویت ہلال کمیٹیاں بھی شوال کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرچکی ہیں

Leave a reply