تنگوانی: دو ماہ قبل اغوا ہونے والے دو مغوی بازیاب، پولیس لاعلم

تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی تھانے کی حدود سے دو ماہ قبل اغوا کیے گئے دو مغوی گل حسن کھوسو اور مورزادو کھوسو بحفاظت بازیاب ہو کر اپنے گھروں کو پہنچ گئے، جس پر ورثاء میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

ذرائع کے مطابق مغویوں کے اہل خانہ نے کلام پاک کچے کے ڈاکوؤں کے پاس لے جاکر ان کی رہائی کے لیے دعا کی، جس کے بعد مغوی بازیاب ہو گئے۔ تاہم پولیس اس معاملے سے لاعلم دکھائی دے رہی ہے اور بازیابی کے حوالے سے کسی قسم کا بیان جاری نہیں کیا گیا۔

مغویوں کے ورثاء کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعدد بار پولیس سے مدد طلب کی، مگر کوئی پیش رفت نہ ہوئی۔ اہلِ علاقہ نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اغوا کی وارداتوں پر قابو پایا جائے اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

Comments are closed.