تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تیز رفتار کار نے لوٹ مار کی کوشش کرنے والے دو ڈاکو کچل دیے، دو فرار.جمال تھانہ کی حدود میں ڈاکوؤں کی واردات ناکام، کار سوار اور ڈاکو ایک ہی قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں
تنگوانی کے قریب جمال تھانے کی حدود میں واقع زور شاخ لنک روڈ پر ڈاکوؤں کی لوٹ مار کی کوشش اس وقت ناکام ہو گئی جب ایک تیز رفتار کار نے انہیں روند ڈالا۔ واردات کے دوران ڈاکوؤں نے گاڑی کو روکنے کی کوشش کی، تاہم گاڑی کے بریک فیل ہونے کے باعث وہ ڈاکوؤں پر چڑھ گئی۔
حادثے میں دو ڈاکو، سبزل نندوانی اور علی حسن نندوانی شدید زخمی ہو گئے، جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی کار بھی نندوانی قبیلے کے افراد کی تھی، جو رفتار زیادہ ہونے کی وجہ سے الٹ گئی۔ کار میں سوار دو افراد بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ تصادم کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
واقعے کی مزید تحقیقات پولیس کی جانب سے جاری ہیں جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈاکو اور کار سوار دونوں کا تعلق نندوانی قبیلے سے بتایا جا رہا ہے، جس پر مزید پہلوؤں سے جانچ کی جا رہی ہے۔