پاکستان کی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کیلئے برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس بات کا اعلان دبئی میں پاکستانی کمرشل اور ٹریڈ قونصلر علی زیب نے کیا۔
علی زیب نے دبئی میں پاکستان قونصل خانے اور پاکستان بزنس کونسل کی سحور محفل کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جولائی 2024 سے فروری 2025 کے درمیان پاکستان کی متحدہ عرب امارات کو برآمدات کا حجم 1.2 ارب ڈالرز تک پہنچ گیا ہے، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 28 فیصد زیادہ ہے۔پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں سحور محفل کا بنیادی مقصد دبئی چیمبر آف کامرس میں رجسٹرڈ دیگر ممالک کی بزنس کونسلز اور غیر ملکی سفارتکاروں کو پاکستان ٹریڈ شو میں شرکت کی دعوت دینا تھا۔ اس موقع پر پاکستان قونصل جنرل دبئی حسین محمد اور چیئرمین پاکستان بزنس کونسل دبئی شبیر مرچنٹ نے غیر ملکی مندوبین کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
پاکستان قونصل جنرل دبئی حسین محمد نے غیر ملکی مندوبین کو یقین دلایا کہ پاکستان میں ٹریڈ شو میں شرکت کرنے والے خواہشمند سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔چیئرمین پاکستان بزنس کونسل دبئی شبیر مرچنٹ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ دبئی سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا ایک وفد لاہور میں میگا ٹریڈ شو میں شرکت کرے گا۔
واضح رہے کہ لاہور میں ہیلتھ، انجینئرنگ، اینڈ منرلز شو (ایچ ای ایم 2025) کا چوتھا ایڈیشن 17 سے 19 اپریل 2025 تک منعقد ہو گا، جس میں مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور تاجروں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔