اوچ شریف، باغی ٹی وی(نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف اور گردونواح میں آٹا پسائی چکیوں کی من مانی عروج پر پہنچ چکی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پسائی چکیاں سولر پینلز پر چلنے کے باوجود اضافی اخراجات کا بہانہ بنا کر من مانی نرخ وصول کر رہی ہیں، جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
مختلف علاقوں میں قائم آٹا پسائی چکیوں پر کوئی حکومتی نگرانی نظر نہیں آتی، جس کی وجہ سے چکی مالکان اپنی مرضی کے مطابق نرخ مقرر کر رہے ہیں۔ عوامی شکایات کے مطابق، بجلی کے بلوں میں کمی کے باوجود پسائی کے نرخ کم نہیں کیے گئے، بلکہ مزید اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ چکی مالکان آٹے کے وزن میں کمی اور معیار پر سمجھوتہ بھی کر رہے ہیں، جس سے عوام کو دوہری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب، ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹی کی خاموشی نے چکی مالکان کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، جس سے عوام میں شدید بےچینی پائی جاتی ہے۔
عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آٹا پسائی چکیوں کی من مانی کو روکا جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔