اوچ شریف:گندگی نے عباسیہ کینال کو زہریلا بنا دیا،چولستانی عوام کی زندگیاں خطرے سے دوچار

اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان)گندگی نے عباسیہ کینال کو زہریلا بنا دیا،چولستانی عوام کی زندگیوں کو خطرے سے دوچار کردیا

تفصیل کے مطابق عباسیہ لنک کینال شدید آلودگی کا شکار ہو چکی ہے، جس سے چولستان کے علاقے میں رہنے والے لاکھوں افراد کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق، کینال کے کنارے گوالوں نے اپنے جانوروں کا گوبر پھینک کر اور قریبی رہائشیوں کی جانب سے فضلہ پھینکنے کی وجہ سے پانی انتہائی آلودہ ہو چکا ہے۔

اس آلودگی کی وجہ سے نہ صرف کینال کا پانی بدبودار ہو چکا ہے بلکہ اس میں زہریلے مادے بھی شامل ہو گئے ہیں۔ یہ پانی نہ صرف چولستان کی ہزاروں ایکڑ زمین کو سیراب کرتا ہے بلکہ وہاں کے مکین اور مال مویشی بھی اسی پانی کا استعمال کرتے ہیں۔ اس سے ہیپاٹائٹس بی اور سی سمیت دیگر خطرناک بیماریوں کے پھیلنے کا اندیشہ ہے۔

اس سنجیدہ مسئلے کے باوجود مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے ابھی تک اس معاملے پر کوئی خاطر خواہ اقدامات اٹھانے میں ناکام رہے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر جلد از جلد اس مسئلے کا حل نہ نکالا گیا تو اس سے چولستان کے علاقے میں وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ ہے۔

مقامی لوگوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لیتے ہوئے آلودہ پانی کو صاف کرنے اور مستقبل میں اس طرح کی آلودگی کو روکنے کے لیے سخت اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

Leave a reply