اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے رسول واہ کوٹلہ موسیٰ خان روڈ پر ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں تیز رفتار شہزور ڈالے کی موٹر سائیکل کو ٹکر لگنے سے ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کے ہمراہ سوار 70 سالہ معمر خاتون شدید زخمی ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق 35 سالہ سعید احمد ولد عطا محمد جو کہ موضع پالو لی تحصیل احمدپور کا رہائشی تھا اپنی موٹر سائیکل پر لنک روڈ سے مین روڈ کی طرف جا رہا تھا۔ اس دوران اچانک سامنے سے آنے والے ایک تیز رفتار شہزور ڈالے نے اس کی موٹر سائیکل کو زوردار ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں سعید احمد کو سر پر شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
موٹر سائیکل پر سعید احمد کے ساتھ اس کی 70 والدہ سالہ گامن مائی زوجہ عطا محمد بھی سوار تھیں جو اس حادثے میں شدید زخمی ہو گئیں۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں ٹی ایچ کیو ہسپتال احمدپور منتقل کر دیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق خاتون کی ٹانگ میں فریکچر ہوا ہے تاہم ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
ریسکیو ذرائع نے ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے بتایا کہ یہ حادثہ تیز رفتاری اور غفلت کے باعث پیش آیا۔ جاں بحق نوجوان سعید احمد کی لاش ضروری قانونی کارروائی کے بعد ان کے لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے۔ اس المناک واقعے سے علاقے میں سوگ کی فضا ہے۔