اوچ شریف، باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف میں ماہ رمضان المبارک کے مقدس ایام میں رشوت کے عوض رمضان آرڈیننس کی کھلے عام خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور ہوٹل، ریسٹورنٹس اور کھانے کے دیگر پوائنٹس سارا دن کھلے رہتے ہیں، جہاں روزہ خور سرعام اپنی پیٹ پوجا کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کا احترام تو غیر مسلم بھی کرتے ہیں لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ انتظامیہ اوچ شریف میں فوڈ پوائنٹس مالکان اور روزہ خوروں کو نکیل ڈالنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ اوچ شریف شہر کے مختلف علاقوں للو والی پل، مونہ والی پل شہر اور محلے اوچ مغلہ، محلہ بخاری، گیلانی محلہ بلوچوں، جلال پور پیر والا ایکسپریس روڈ، ترنڈا محمد پناہ روڈ، خیرپور ڈھا روڈ، حسینی چوک اور شہر کے کئی ہوٹلوں پر کھلے عام چائے، کھانا اور روٹیاں فروخت کی جا رہی ہیں۔
اوچ شریف میں "رشوت دو، ہوٹل کھولو” کی پالیسی چل رہی ہے۔ رمضان کے ایام میں شہریوں کو چائے اور کھانا پیش کیا جا رہا ہے۔ ہوٹلوں پر کھلے عام کھانا ملنے کی اطلاع پر روزہ خوروں کی بڑی تعداد ہوٹلوں کا رخ کر لیتی ہے۔ ہوٹلوں کے اندر اور باہر رش لگا ہوا نظر آیا۔
اوچ شریف شہر میں کھلے عام رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزیوں پر شہریوں نے ڈی سی او بہاولپور اور انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رمضان آرڈیننس پر عمل درآمد کراتے ہوئے رشوت کے عوض اجازت دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے اور ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔