اوچ شریف: تاریخی ورثے کی حفاظت کے لیے بڑا اقدام، تجاوزات کے خاتمے کا ماسٹر پلان تیار

اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں تاریخی مقامات، مزارات اور آثار قدیمہ کی حفاظت اور بحالی کے لیے حکومت کا اہم اقدام، 2 سو میٹر کے اندر واقع مکانات، دکانات اور دیگر تجاوزات کو ہٹانے کے لیے ماسٹر پلان تیار، یونیسکو اور محکمہ آثار قدیمہ کے حکام کی اوچ شریف آمد

تفصیلات کے مطابق تاریخی شہر اوچ شریف میں مزارات، آثار قدیمہ اور دیگر تاریخی مقامات کی حفاظت کے لیے حکومت نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے دو سو میٹر کے اندر موجود مکانات، دکانوں اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے ماسٹر پلان تیار کر لیاگیا ہے۔ یونیسکو اور محکمہ آثار قدیمہ کے حکام کی آمد کے بعد عملی اقدامات کا آغاز متوقع ہے۔

اوچ شریف جو اپنے مذہبی و روحانی مرکز کی حیثیت سے جانا جاتا ہے، ماضی میں علمی، ادبی، سیاسی اور ثقافتی اہمیت کا حامل شہر تھا۔ اس کے تاریخی مقامات اور آثار قدیمہ تہذیب یافتہ انسانی تاریخ کے شواہد پیش کرتے ہیں، جس کی بنا پر یونیسکو نے اوچ شریف کے چار اہم مقامات کو عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔

حکومت پنجاب اور محکمہ آثار قدیمہ نے یونیسکو کی مالی اور تکنیکی معاونت سے ان تاریخی مقامات کو محفوظ ورثہ قرار دیتے ہوئے ان کی بحالی کے لیے منصوبہ بندی کی ہے۔ اس منصوبے کے تحت سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابقہ فیصلے اور 1985ء کے قانون تحفظ کے تحت دو سو میٹر کے اندر موجود تمام تجاوزات کو ختم کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے دور میں سپریم کورٹ نے تاریخی ورثے کے گرد دو سو فٹ کے اندر قائم تجاوزات کو ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ اس ماسٹر پلان کے نفاذ سے اوچ شریف کے تاریخی اور روحانی مقامات کی حفاظت ممکن ہوگی اور یہ عالمی سیاحتی مرکز کی حیثیت حاصل کر سکے گا۔

حکام کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کا عمل جلد شروع ہوگا اور اس میں عوامی تعاون بھی شامل کیا جائے گا تاکہ اس ورثے کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رکھا جا سکے۔

Comments are closed.