اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے موضع بکھری میں دیرینہ دشمنی کے باعث ہونے والی فائرنگ سے 47 سالہ امیر بخش ولد پیر بخش شدید زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کے اس واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ شہریوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امیر بخش روزمرہ معمولات میں مصروف تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے دور سے نشانہ بناتے ہوئے پستول سے فائرنگ کر دی۔ ایک گولی امیر بخش کی بائیں ٹانگ، پنڈلی کی ہڈی (Tibia/Fibula) کے بیرونی حصے پر لگی، جس سے وہ شدید زخمی ہو کر گر پڑے۔ اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے فوری طور پر پولیس اور ریسکیو ٹیم کو اطلاع دی، جس پر ریسکیو 1122 نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمی کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد رورل ہیلتھ سینٹر اوچ شریف منتقل کیا۔

ذرائع کے مطابق واقعہ دیرینہ رنجش کا شاخسانہ ہے۔ مقامی افراد نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فائرنگ میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے تاکہ علاقے میں امن قائم رہے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

Shares: