اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان): اوچ شریف کے صدر بازار، عید گاہ روڈ پر کئی ماہ سے مین ہولز کے ڈھکن غائب ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ یہ کھلے مین ہولز نہ صرف عوامی زندگی کے لیے خطرہ بن چکے ہیں بلکہ روزمرہ کے معمولات میں رکاوٹ بھی پیدا کر رہے ہیں۔ خاص طور پر بچوں کو اسکول جاتے وقت ان کھلے گٹروں میں گرنے کا شدید خطرہ ہے۔

اہلیان اوچ شریف کا کہنا ہے کہ بارہا میونسپل کمیٹی کو آگاہ کیا گیا، مگر کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ شہریوں نے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کمیٹی کی غفلت کسی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔ والدین بچوں کی حفاظت کے حوالے سے بے حد فکرمند ہیں، جبکہ تاجر اور دیگر مقامی افراد بھی روزانہ اسی گلی سے گزر کر اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ اس سنگین مسئلے کا جلد از جلد حل نکالا جا سکے اور کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ مسئلہ مزید سنگین ہو سکتا ہے۔

Shares: