اوچ شریف: باکمال انجنیئرنگ،نئی سڑک پہلی بارش میں ہی تباہی کے دہانے پر،شہریوں کا احتجاج

اوچ شریف(باغی ٹی وی نامہ نگارحبیب خان) باکمال انجنیئرنگ،نئی سڑک پہلی بارش میں ہی تباہی کے دہانے پر،شہریوں کا احتجاج

تفصیل کے مطابق اوچ شریف کی یونین کونسل چناب رسول پور کے موضع بکھری سے بستی جام محمد اکمل کھاکھی تک حال ہی میں تعمیر ہونے والی کارپٹ روڈ حالیہ بارشوں کے بعد ٹوٹنے لگی۔ بارشوں کے دوران روڈ کے کنارے پانی بہنے کے سبب گہرے کھڈے بن چکے ہیں، جو نہ صرف ٹریفک کی روانی کو متاثر کر رہے ہیں بلکہ مقامی شہریوں کی جان کے لیے بھی خطرہ بن چکے ہیں۔

مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ کھڈے اتنے گہرے ہو چکے ہیں کہ ان میں گاڑیوں کا گرنا معمول بن گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے اور روزمرہ کی زندگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں نے محکمہ ہائی وے کی سست رفتار اور غیر مؤثر ردعمل پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کھڈوں کو بھرنے کے لیے کوئی مستقل حل فراہم نہیں کیا جا رہا، اور عملے کی کمی کی وجہ سے کام کی رفتار میں مزید سست روی دیکھنے کو مل رہی ہے۔

علاقے کے رہائشیوں نے انتظامیہ سے فوری مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کھڈوں کو بھر کر روڈ کو محفوظ اور قابلِ استعمال بنایا جا سکے۔ شہریوں نے انتباہ کیا ہے کہ اگر مسئلے کا حل جلد فراہم نہ کیا گیا تو اس سے مزید ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کی زندگیوں کو مزید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

شہریوں نے مقامی منتخب نمائندوں اور حکومتی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے پر فوری توجہ دیں اور اس کے حل کے لیے ضروری وسائل فراہم کریں تاکہ علاقے میں سکونت اور ٹریفک کی روانی کو بحال کیا جا سکے۔

Comments are closed.