اوچ شریف: کروڑوں کی سرکاری اراضی پر لینڈ مافیا کا دوبارہ قبضہ
اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف میں کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری کمرشل اور رہائشی اراضی پر مبینہ لینڈ مافیا نے دوبارہ قبضہ جما لیا۔
اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف میں کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری کمرشل اور رہائشی اراضی پر دوبارہ قبضے کا انکشاف ہوا ہے، جسے حکومت کی جانب سے واگزار کرایا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق، لینڈ مافیا نے نائب تحصیلدار ملک شہباز اور ریونیو عملے کی مبینہ ملی بھگت سے دوبارہ تعمیرات کر کے اپنی جگہیں بحال کر لی ہیں، جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے اور اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، چند سال قبل حکومت پنجاب کی مہم کے تحت اوچ شریف میں ریلوے لائن کے قریب موجود سرکاری کمرشل اراضی پر بنائے گئے دکانوں اور رہائشی عمارتوں کو مسمار کر دیا گیا تھا۔ کئی عرصے تک ملبہ اور خالی پلاٹ موجود رہے، تاہم حالیہ دنوں میں مبینہ طور پر لینڈ مافیا نے دوبارہ تعمیرات شروع کر دی ہیں۔ شہریوں کا الزام ہے کہ نائب تحصیلدار ملک شہباز، گرداور اور متعلقہ پٹواری نے بھاری رشوت کے عوض مافیا کو دوبارہ قبضہ جمانے کی اجازت دی، جس سے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
شہریوں محمد عبداللہ، محمد سلمان، محمد عدنان اور دیگر کا کہنا ہے کہ حکومت کے تجاوزات کے خاتمے کا ایجنڈا یہاں بری طرح ناکام ہو چکا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ مقامی انتظامیہ کے افسران کے مبینہ تعاون سے سرکاری زمینوں پر دوبارہ قبضہ کرایا جا رہا ہے، جو حکومتی پالیسی کی واضح خلاف ورزی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب، ڈی جی اینٹی کرپشن اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور فوری نوٹس لیں اور لینڈ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
اس سلسلے میں جب نائب تحصیلدار ملک شہباز سے موقف لیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ معاملے کی ذمہ داری متعلقہ گرداور کو سونپ دی گئی ہے۔ شہریوں نے اس جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیا ہے اور مزید مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔