اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)ڈی پی او بہاولپور اسد سرفراز خان کی ہدایت پر اوچ شریف اور چنی گوٹھ میں پولیس نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے ڈکیتی اور چوری کے ملزمان کو گرفتار کر لیا اور لاکھوں روپے برآمد کر لیے۔
تھانہ چنی گوٹھ پولیس نے ایس ایچ او کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان دانش اور ساجد کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 70 ہزار روپے نقدی، ایک موٹر سائیکل، 2 بھینسیں اور ایک کٹی برآمد کی ہیں۔ ڈی پی او اسد سرفراز خان نے اس کامیاب کارروائی پر تھانہ چنی گوٹھ پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ عوام کا لوٹا ہوا مال واپس کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔
دوسری جانب تھانہ دھوڑکوٹ پولیس نے ڈکیتی کے مقدمے میں مطلوب ملزم آصف گودلا کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 3 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کیے ہیں، جو اصل مالک محمد عارف کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ اہل علاقہ نے ایس ایچ او تھانہ دھوڑکوٹ عرفان لیاقت اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
ڈی پی او اسد سرفراز خان نے دونوں کامیاب کارروائیوں پر پولیس ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔