اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) جمال درویش روڈ پر سیوریج لائن کی صفائی کے دوران تین مزدور زہریلی گیس سے بے ہوش ہو گئے، جس سے نجی کنٹریکٹر کی غفلت سامنے آ گئی۔
نجی کنٹریکٹر محمد اعجاز ولد واحد بخش، سکنہ پھلیلی، حسینی چوک اوچ شریف، سیوریج کے مین ہول کی صفائی کروا رہا تھا کہ دورانِ کام اندر جمع زہریلی گیس اور شدید تعفن کے باعث مزدور یکے بعد دیگرے بے ہوش ہو گئے۔ بیہوش ہونے والوں میں جعفر ولد نذیر احمد، سکنہ بریرا، حسینی چوک اوچ شریف، سید زوار حسین ولد سید ناظم حسین، سکنہ حسینی چوک اوچ شریف اور ایک اور مزدور شامل تھے، جو اپنے ساتھیوں کی مدد کرتے ہوئے خود بھی بے ہوش ہوگیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی علاقہ مکینوں نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو طلب کیا، جنہوں نے موقع پر پہنچ کر تینوں مزدوروں کو باہر نکالا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے انہیں آر ایچ سی اوچ شریف منتقل کیا۔ طبی عملے کے مطابق تینوں افراد کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
علاقہ عوام نے سیوریج صفائی کے دوران حفاظتی سامان کے نہ ہونے اور انتظامیہ کی عدم توجہ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بغیر حفاظتی ماسک، آکسیجن سپورٹ اور سیکیورٹی انتظامات کے مزدوروں کو مین ہول میں اتارنا انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
اس افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر APE نے نجی کنٹریکٹر سمیت ذمہ دار افراد کے خلاف واقعہ کی مکمل انکوائری کا حکم دے دیا۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ اداروں کو مزدوروں کے تحفظ کے لیے سخت قوانین نافذ کرنے چاہئیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔








