اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان ) علی پور روڈ لائن والی پلی نلکا اڈہ کے قریب ایک تیز رفتار موٹرسائیکل سوار کھڑی ہوئی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔
حادثے میں متاثرہ شخص کی شناخت 55 سالہ عبدالمالک ولد اللہ بخش کے طور پر ہوئی جو موضع پتی خیارہ کا رہائشی ہے۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ عبدالمالک کی بائیں ران کی ہڈی ٹوٹ گئی جبکہ سر پر گہرا زخم آیا، جس کے باعث وہ شدید زخمی حالت میں بے ہوش ہوگیا۔
مقامی افراد نے فوری طور پر ریسکیو کو اطلاع دی، جس کے بعد امدادی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور آر ایچ سی اوچ شریف منتقل کردیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علی پور روڈ پر اکثر حادثات پیش آتے ہیں، جن کی بڑی وجہ سڑکوں پر کھڑی بھاری گاڑیاں اور غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ ہے۔ عوام نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سڑک پر کھڑی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرے تاکہ مزید حادثات سے بچا جاسکے۔