اوچ شریف: دھند کے باعث دو مختلف حادثات، ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی

اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)دھند کے باعث دو مختلف حادثات، ایک شخص جاں بحق، دوسرا زخمی
اوچ شریف میں قومی شاہراہوں پر دھند کے باعث دو مختلف حادثات پیش آئے، جن میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق، پہلا حادثہ قومی شاہراہ سوئی گیس کوٹنگ پلانٹ کے قریب پیش آیا، جہاں 25 سالہ موٹر سائیکل سوار محمد عیسیٰ لوڈر سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نعش کو اسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد اسے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔
دوسرا حادثہ جلال پور ایکسپریس روڈ دھوڑکوٹ موڑ پر پیش آیا، جہاں ٹریلر اور لوڈر کے درمیان تصادم ہوا۔ اس حادثے میں لوڈر کا ڈرائیور رشید شدید زخمی ہوا۔ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر کیبن کو کٹر کی مدد سے کاٹ کر زخمی ڈرائیور کو نکالا اور فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔
دونوں حادثات دھند کی شدت کی وجہ سے پیش آئے۔ زخمی اور جاں بحق ہونے والے افراد کو رورل ہیلتھ سینٹر اوچ شریف منتقل کیا گیا۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ دھند کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حد رفتار کم رکھیں۔