اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)وچ شریف شہر کی معروف جوس شاپ "شاکر جوس کارنر” کے مالک نوجوان محمد شاکر حسین افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔ المناک واقعہ اُس وقت پیش آیا جب وہ معمول کے مطابق اپنی دکان پر جوس تیار کر رہے تھے کہ اچانک بجلی کا کرنٹ لگ گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اچانک پیش آیا اور وہاں موجود افراد نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔ امدادی ٹیم نے بروقت پہنچ کر ابتدائی طبی امداد (سی پی آر) فراہم کی اور زخمی نوجوان کو شدید نازک حالت میں مریم نواز شریف ہسپتال اوچ شریف منتقل کیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

نوجوان کی ناگہانی موت کی خبر شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، جس پر فضا سوگوار ہو گئی۔ علاقہ مکینوں اور کاروباری برادری نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

مرحوم محمد شاکر حسین کی نمازِ جنازہ دربار حضرت جمال درویش میں ادا کی گئی، جس میں سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات سمیت اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔

واضح رہے کہ محمد شاکر حسین نہ صرف ایک محنتی کاروباری نوجوان تھے بلکہ اپنے اخلاق اور خوش اخلاقی کی وجہ سے عوام میں خاص مقبولیت رکھتے تھے۔ ان کی ناگہانی وفات نے شہر بھر کو غم کی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

Shares: