جرمنی میں یوکرینی فوجیوں کی تربیت شروع:روس سخت ناراض

0
57

برلن :جرمنی میں یوکرینی فوجیوں کی تربیت شروع:روس سخت ناراض،اطلاعات کے مطابق امریکی افواج جرمنی میں فوجی ساز و سامان کی فراہمی کے ساتھ یوکرینی فوج کو اب تربیت بھی فراہم کر رہی ہیں۔ محکمہ دفاع کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ تربیت کی ذمہ داری فلوریڈا نیشنل گارڈ کو سونپی گئی ہے۔

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکا جرمنی میں اپنے فوجی اڈوں پر یوکرین کے فوجیوں کو تربیت فراہم کر رہا ہے اور جدید ہتھیاروں کے نظام کو سیکھنے میں ان کی مدد کر رہا ہے۔

کربی کا کہنا تھا کہ تربیتی پروگرام جرمن حکومت کے ساتھ ہم آہنگی سے جاری ہے اور امریکا جرمنی کی طرف سے مسلسل حمایت کے لیے شکر گزار ہے۔ اب تک تقریباً 50 یوکرینی اہلکاروں کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار ہوٹزر کی تربیت دی جا چکی ہے۔ یوکرینی فوجیوں کو ریڈار سسٹم اور بکتر بند گاڑیوں کے استعمال کا طریقہ کار بھی سکھایا جائے گا۔

جان کربی نے بتایا کہ اس تربیت کا بیشتر کام اور ذمہ داری فلوریڈا نیشنل گارڈ کو سونپی گئی ہے۔ اسی امریکی یونٹ نے روسی حملے سے پہلے رواں برس فروری میں یوکرین کی افواج کو تربیت فراہم کی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یوکرینی فوجی واپس جائیں گے اور اپنے دیگر ساتھیوں کو تربیت دیں گے۔ پینٹاگون کے ترجمان نے مزید کہا کہ یوکرینی افواج کی تربیت یورپ کے دیگر حصوں میں بھی ہو رہی ہے تاہم انہوں نے ان مقامات کے بارے میں نہیں بتایا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی مارچ کے اواخر میں کہا تھا کہ امریکی فوج پولینڈ میں یوکرینی افواج کو تربیت دے رہی ہیں لیکن بعد میں یہ بیان واپس لے لیا گیا تھا۔

ادھر روس نے یوکرینی افواج کو مسلح کرنے کے خلاف ایک بار پھر مغربی ممالک کو خبردار کیا ہے۔ مارچ میں روس نے مغربی ممالک کو متنبہ کرنے کے لیے پولینڈ کی سرحد کے قریب یوکرین میں ایک تربیتی مرکز پر حملہ کرکے اسے تباہ کر دیا تھا۔

Leave a reply