یوکرین روس جنگ :دارالحکومت کیف، اوڈیسا اور زپوریزیا میں روسی فوج کی بمباری،سخت مزاحمت کا سامنا

0
49

خارکیف :یوکرین روس جنگ :دارالحکومت کیف، اوڈیسا اور زپوریزیا میں روسی فوج کی بمباری،سخت مزاحمت کا سامنا،اطلاعات کے مطابق آج یوکرین جنگ کا 21 واں دن ہے یعنی جنگ شروع ہوئے 3 ہفتے ہو چکے ہیں۔ آج بھی دارالحکومت کیف کی صبح سائرن کی آواز سے ہوئی۔

اطلاعات کے مطابق آج صبح یوکرین کے دارالحکومت کیف میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں اور روسی افواج کی جانب سے دو عمارتوں پر بمباری کی گئی ہے۔

شہر کی ایمرجنسی سروسز کے مطابق شیوچینکو ڈسٹرکٹ میں صبح چھ بجے ایک 12 منزلہ عمارت پر بمباری کی گئی اور حکام کے مطابق بمباری کے نتیجے میں قریب موجود ایک 9 منزلہ عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرتی وڈیوز میں دونوں عمارتوں سے دھوئیں کے بادل اڑتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔یوکرین کے دارالحکومت کیف میں کرفیو نافذ ہوئے 35 گھنٹے گزر چکے ہیں جبکہ گزشتہ روز شہر میں ہونے والی بمباری میں پانچ لوگ ہلاک ہوئے تھے۔

یوکرینی حکام نے خبردار کیا ہے کہ یہ وقت دارالحکومت کے لیے مشکل اور خطرناک ہے۔یوکرین کے جنوبی شہروں اوڈیسا اور زپوریزیا سے بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

برطانوی اخبار دی اکانومسٹ کے رپورٹر اولیور کیرول نے ٹویٹ کی کہ انہوں نے اوڈیسا میں بہت تیز شور سنا جیسے دفاعی نظام نے میزائل مار گرائے ہوں۔

زپوریزیا سٹی کونسل کے سیکرٹری نے ٹیلی گرام پر لکھا کہ ایک ریلوے اسٹیشن پر دھماکا ہوا ہے۔یوکرین کے شہر ماریوپول کے میئر کا دعویٰ ہے کہ روسی فوجیوں نے 400 ڈاکٹروں اور مریضوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔

یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ امن مذاکرات حقیقت پسند لگنے لگے ہیں مگر نتیجے پر پہنچنے کے لیے مزید وقت چاہیے۔

روس کا مطالبہ ہے کہ یوکرین باقاعدہ اعلان کرے کہ وہ کبھی بھی نیٹو میں شامل نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ یوکرین ڈونیسک، لوہانسک اور کرائمیا کے صوبوں کی نیم خود مختار حیثیت بھی قبول کرے۔ روس یوکرین مذاکرات آج بھی جاری رہیں گے۔

Leave a reply