لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کی میت تدفین کے لیے جرمنی سے کراچی پہنچادی گئی ہے۔
باغی ٹی وی : ائیرپورٹ پر عمر شریف کے بیٹوں اور عزیز و اقارب نے میت وصول کی میت ترک ائیر لائن کی پرواز سے کراچی پہنچائی گئی عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل بھی اسی جہاز میں پاکستان پہنچیں۔
ترکش ایئر لائن کی فلائٹ نمبر TK-708 نے شب 12 بجکر 53 منٹ پر استنبول کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے کراچی کے لیے اڑان بھری تھی ترکش ایئر لائن کا طیارے نے صبح 5 بجکر 45 منٹ پر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا-
مرحوم عمر شریف کی میت کو ائیر پورٹ سے سول ایوی ایشن کی ایمبولینس کے ذریعے باہر لایا گیا جہاں سے عمر شریف کے جسد خاکی کو ایدھی ایمبولینس میں منتقل کیا گیا۔
وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کراچی ائیر پورٹ کارگو ٹرمینل سے لیجنڈ اداکار عمر شریف کی میت ان کے صاحبزادوں کے ہمراہ وصول کی-
عمر شریف کی میت کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ دیا گیا۔
عمر شریف کے جسد خاکی کو کراچی ائیرپورٹ سے ایدھی سرد خانہ سہراب گوٹھ منتقل کردیا گیا اس دوران میت کو قافلے کی صورت میں ایئرپورٹ سے ایدھی سرد خانے لایا گیا۔
اس موقع پر مداحوں کی بڑی تعداد سبز ہلالی پرچم میں لپٹے عمر شریف کے جسد خاکی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتی رہی۔
عمر شریف کے صاحبزادگان جواد عمر اور فواد عمر نے کہا ہے کہ ان کے والد کی نماز جنازہ سہ پہر 3 بجے عمر شریف پارک بالمقابل ضیا الدین اسپتال کلفٹن میں ادا کی جائے گی اور تدفین حضرت عبدﷲ شاہ غازی کے مزار سے جڑے قبرستان میں کی جائے گی۔
کراچی میں اب بھی مرحوم کے گھر پر تعزیت کے لیے آنے والوں کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ عمر شریف کا 2 اکتوبر کو جرمنی کے شہر نیورمبرگ کے اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا عمر شریف کو علاج کی غرض سے 28 ستمبر کو پاکستان سے براستہ جرمنی امریکہ منتقل کیا جا رہا تھا عمر شریف چار دن سے زیر علاج تھے۔ انھیں نمونیا اور بخار تھا تاہم ان کے خاندانی ذرائع کے مطابق جرمنی میں عارضی قیام کے دوران ہی ڈائیلیسز کے دوران ان کی طبعیت مزید بگڑی اور وہ جانبر نہ ہو سکے اور وہ خالق حقیقی سے جاملے۔