کراچی :سرکاری اخراجات پرعمرہ ادائیگی، درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ،اطلاعات کے مطابق سرکاری اخراجات پرعمرہ ادائیگی کا معاملہ بھی سندھ ہائیکورٹ پہنچ گیا، درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں وزیراعظم اور دیگر کی سرکاری اخراجات پرعمرہ ادائیگی کے خلاف درخواست دائر کی گئی۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ درخواست کا جائزہ لینے کے بعد آج ہی فیصلہ جاری کریں گے۔ کیا وزیراعظم کابینہ کو عمرہ ادا کرنے لے گئے یا لے جارہے ہیں؟
درخواست گزار محمود اختر نقوی نے کہا کہ وزیراعظم سرکاری خرچ پر کابینہ کا عمرہ ادائیگی کے لیے لے جارہے ہیں۔ سرکاری خرچے پرعمرہ کرنے والوں کو بڑے بڑے مولانا بھی شامل ہیں۔وکیل درخواست گزار نے موؤقف پیش کیا کہ غریبوں کے ٹیکس کے پیسوں سے کیسے عمرہ ادا کرسکتے ہیں۔ ایسا تو کسی بادشاہت والے ملک میں نہیں ہوتا۔
محمود اختر نقوی نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ سرکاری خرچ پرعمرہ کرنے جانے والے سارے صاحب حیثیت ہیں۔ وزیر اعظم شہبازشریف سمیت سارے کے سارے سیاسی عمرہ کرنے جارہے ہیں۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ سرکاری خرچ پرعمرہ ادا کرنے والوں کو روکا جائے۔
درخواست گزار کے مؤقف کے بعد چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی 3 روزہ دورے پر سعودی عرب روانگی، پاکستان کو 6 سے 8 ارب ڈالر کا ریلیف پیکج ملنے کا امکان ہے، ادھار تیل بھی ملے گا، کورونا کے دوران ملازمتوں سے فارغ ہونے والے پاکستانیوں کی بحالی بھی متوقع ہے۔
دورہ سعودی عرب پر وفاقی وزراء، بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسماعیل، نوابزادہ شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف، چودھری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور محسن داوڑ بھی ہمراہ ہیں۔