وطن عزیزکی سلامتی ،عزت اورترقی کے لیےمتحد ہونا ضروری ہے:اعجازالحق

0
34

لاہور:وطن عزیزکی سلامتی ،عزت اورترقی کے لیےمتحد ہونا ضروری ہے:اطلاعات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ض) کے سربراہ سابق وفاقی وزیر محمداعجاز الحق نے کہاہے کہ 1965ء میں قوم نے اتحاد سے دشمن کوشکست دی، ہمیں تمام تر سیاسی وباہمی اختلافات بھلا کر کشمیر، ایٹمی قوت اورافواج پاکستان کے معاملے میں متحد ہونا ہے۔ کشمیرکاادھار دشمن سے واپس لیناہے۔

مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اعجازالحق نے کہا کہ افغانوں نے سوویت یونین کے ٹکڑے کرنے کے بعد امریکہ کو بھی رات کی تاریکی میں جدید اسلحہ چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور کیا۔ جنرل ضیاء الحق شہید نے ملک کادفاع ناقابل تسخیر بنادیا تو اب دشمن دوقومی نظرئیے اور افواج پاکستان کو متنازعہ بنانے کیلئے متحرک ہوگیاہے، افواج پاکستان کیخلاف بات صرف کوئی مودی کایار ہی کرسکتاہے۔

آئی ایس آئی کے سربراہ طالبان کی دعوت پر افغانستان صرف چائے کاکپ پینے گئے جس کامقصد صرف دشمن کورلاناتھا۔کابل میں بچیوں کے سکول کھلنا خوش خبری ہے، دنیا کو فرانس میں حجاب کی پابندی پر اعتراض نہیں تو افغانستان میں حجاب پر اعتراض کیوں ہے؟ آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ض) بھرپور حصہ لے گی۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے یوم دفاع کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے جنرل سیکرٹری پنجاب ڈاکٹرانوارالحق ،صوبائی سنیئرنائب صدر رانا احسان اللہ نازی اوردیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں فاسٹ ہیلپ ویلفیئر آرگنائزیشن کاافتتاح بھی کیاگیا۔

جب 1965ء میں دشمن نے حملہ کیاتو صدر جنرل ایوب خان نے کہاکہ تم نے ایک کلمہ گو قوم کوللکارا ہے ، پھر پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگئی ۔ 1965ء میں قوم متحد تھی تو دشمن کو شکست دی لیکن جب 1971ء میں قوم متحد نہ تھی اور اکثریت کافیصلہ تسلیم نہ کیاگیاتو ملک دولخت ہوا، جمہوریت کانام لیاگیالیکن اکثریت کے فیصلے کوتسلیم نہ کرکے ہم نے مشرقی پاکستان کھودیا۔

انہوں نے کہاکہ افغانستان کے بارے سوچتاتھا کہ میرے والد جنرل ضیاء الحق شہید نے جہادافغانستان شروع کیا، اس جہاد میں 15لاکھ مسلمانوں نے قربانیاں دیں، لیکن اس کے باوجود وہاں ابھی تک امن قائم کیوں نہ ہوسکا تو آواز آئی کہ افغانوں نے سوویت یونین کوشکست دی،7 اسلامی ریاستوں سمیت 23ممالک آزادہوئے، ابھی انہوں نے امریکہ کو شکست سے دوچار کرناہے، اورپھر دنیانے دیکھاکہ امریکہ رات کی تاریکی میںجدید ترین اسلحہ چھوڑ کر دم ابا کر بھاگ گیا۔نہتے مجاہدین نے 52ملکوں کی افواج کو شکست دی۔

انہوں نے کہاکہ جنرل ضیاء الحق نے پاکستان کوایٹم بم کاتحفہ دیا اور ملک کے دفاع کوناقابل تسخیر بنادیا، اب دشمن جنگی محاذ پر ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتا تو انہوں نے ہمارے دوقومی نظرئیے اور افواج پاکستان کومتنازع بنانا شروع کردیا۔ پوری قوم کو کشمیر، ایٹمی قوت اور افواج پاکستان کے معاملات میں تمام ترسیاسی ودیگر اختلافات بھلا کر متحد ہونا ہوگا۔ ہم افواج پاکستان کیخلاف کوئی بات برداشت نہیں کرسکتے۔قوم فوج کے ایک سپاہی سے لے کے سپہ سالار تک سب کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ فوج کو گالی صرف کوئی مودی کایار ہی دے سکتاہے۔

اعجازالحق نے کہاکہ ہم نے دشمن سے کشمیر کاادھار ابھی واپس لیناہے، اورجنرل ضیاء الحق شہید کے مشن کے مطابق ملک کو دین کی روشنی سے منور کرناہے۔

انہوں نے کہاکہ جہادافغانستان میں بھی ہم نے 80ہزار قربانیاں دیں، اب طالبان کی حکومت آئی ہے تووہاں بچیوں کے سکول بھی کھل گئے ہیں، دنیا کہتی ہے کہ افغانستان میں حجاب کی پابندی نہیں ہونی چاہئے، اگر فرانس میں حجاب پر پابندی لگ سکتی ہے اور کسی کواعتراض نہیں تو افغانستان میں حجاب پر اعتراض کیوں ہے؟

اعجازالحق نے کہاکہ آئی ایس آئی کے سربراہ طالبان کی دعوت پر افغانستان گئے، جس پر دشمن انڈیا بہت رویا، یہی ہماری کامیابی ہے، وہ تو صرف ایک کپ چائے پینے گئے تھے، لیکن یہ چائے کاکپ ابھی نندن والا نہیں تھا۔

قبل ازیں مسلم لیگ (ض) پنجاب کے جنرل سیکرٹری سابق صوبائی وزیر ڈاکٹرانوارالحق نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یوم دفاع پاکستان دراصل دفاع اسلام ہے، یہ ملک شہداء کی برکتوں سے قائم ودائم ہے۔ 40سال کے بعد ایک افسر جرنیل بنتاہے، فوج پر تنقید کرنے والوں کو درحقیقت اس قومی ادارے کے بارے میں کچھ پتہ ہی نہیں،قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے اور ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔قبل ازیں پارٹی کے سنیئرنائب صدر پنجاب رانا احسان اللہ نازی نے تمام مہمانوں کوخوش آمدید کہا اورشکریہ ادا کیا۔

Leave a reply