اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور دو طرفہ تعاون بڑھانے کے مختلف امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔ وزیر داخلہ نے اپنے حالیہ دورہ امریکہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران امریکی کانگریس کے اراکین سے ملاقاتیں انتہائی مثبت رہیں، جن میں دہشت گردی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔محسن نقوی نے اس موقع پر دہشت گردی کو ایک عالمی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے خلاف جنگ کے لیے عالمی برادری کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور دونوں ممالک کے مابین بہترین تعلقات موجود ہیں۔
وزیر داخلہ نے پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے میں امریکی تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو نئی تقویت ملے گی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان مزید تعاون کے مواقع پیدا ہوں گے۔ملاقات کے اختتام پر محسن نقوی نے نیٹلی بیکر کو اسلام آباد میں ہونے والے جشن بہاراں پروگرام میں شرکت کی دعوت دی، جس پر قائم مقام امریکی سفیر نے اس دعوت کا خیرمقدم کیا۔