امریکہ میں پاکستان کے سفیر نے سیمینارمیں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو کیا اجاگر

0
41

امریکہ میں پاکستان کے سفیر نے سیمینارمیں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو کیا اجاگر
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں شکاگو کونسل برائے گلوبل افئیرز کی تنظیم کے زیر اہتمام “ پاک-امریکہ تعلقات، جنوبی ایشیاء میں سیکیورٹی اور امن و استحکام “ کے عنوان سے ویبینار کا انعقاد کیا گیا

شکاگو کونسل برائے گلوبل افئیرز ایک آزاد ، غیر جانبدار تنظیم ہےجو عالمی سطح پر اہم مسائل پر بات چیت کو فروغ دیتی ہے اور پالیسی مرتب کرنے میں نمایاں کردار ادا کرتی ہے۔

امریکہ میں متعین پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے ویبینار سے خطاب کیا،سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نےپاکستان میں کوویڈ-19 کی صورتحال ،تازہ ترین پیشرفت اور اس مرض سے نمٹنے کے لئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے کامیاب اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے اور معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کو عملی جامہ پہنانے کی کوششوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر کووڈ -19 کے مریضوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے، وبائی مرض سے متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کرنے اور پھر انہیں قرنطینہ میں رکھنےکی حکمت عملی پر عمل در آمد یقینی بنانے سے مرض پر قابو پانے اور کمی لانے میں کامیابی ہوئی-

اس موقع پر ڈاکٹر اسد مجید خان نے شرکاء کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارت کی انتہا پسندانہ ہندتوا سوچ کی جانب بھی مبذول کروائی۔سفیر پاکستان نے افغانستان میں امن عمل کے حوالے سے پاکستان-امریکہ کوششوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ افغانستان میں دیر پا استحکام کیلئے مضبوط پاکستان-امریکہ معاشی تعلقات اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

سفیر پاکستان اسد مجید خان نے پاکستان -امریکہ کے دو طرفہ تعلقات میں بہتری اورتازہ ترین پیشرفت پر بھی روشنی ڈالی۔ویبینار میں طلباء ، فیکلٹی ممبران ، عوامی پالیسی کے رہنماؤں اور وکلاءکے ساتھ ساتھ میڈیا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

Leave a reply