امریکی انتخابات، ٹرمپ نے الزامات کی بوچھاڑ کر دی،ٹرمپ کو میڈیا کا بھی بڑا جھٹکا

0
34

امریکی انتخابات، ٹرمپ نے الزامات کی بوچھاڑ کر دی،کہا ووٹ چوری ہو رہی ہے
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے صدارتی انتخابات میں رپبلکن پارٹی کے امیدوار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار بڑی بے ضابطگیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ الیکشن میں ملی بھگت سے دھاندلی کی گئی۔ قانونی ووٹ گنیں تو میں تاریخی کامیابی حاصل کر چکا ہوں۔ ووٹ غلط گنے گئے تو یہ چوری ہوگی۔ ڈیموکریٹ نظام کو کرپٹ بنا رہے ہیں۔ جارجیا میں4 گھنٹے سے ووٹوں کی گنتی رکی ہوئی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ابھی چند ریاستوں سے نتائج آنا باقی ہیں۔ ہمارے خلاف بڑے مالیاتی اداروں نے فنڈنگ کی۔ ہمارے پاس انتخابی دھاندلی کے شواہد موجود ہیں۔ ڈیموکریٹ جیت کے لیے ہمارے خلاف کروڑوں ڈالر خرچ کر رہے ہیں۔ ڈیموکریٹس ہمارے مبصرین کو گنتی کے عمل سے باہر نکال رہے ہیں۔ فلاڈلفیا میں ہمارے مبصرین کو باہر نکال دیا گیا اور جارجیا میں الیکشن سیٹ اپ ڈیموکریٹس چلا رہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے سینیٹ میں اپنی نشستوں کا دفاع کیا۔ سینیٹ میں ری پبلکن پارٹی فاتح رہے۔ ڈیموکریٹس انتخابات نہیں جیت سکتے اس لیے ڈاک کا نظام متعارف کرایا۔

دوسری جانب امریکی میڈیا میں صدر ٹرمپ کے جھوٹے دعووں اور انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کے خلاف بات چیت جاری ہے، امریکی مشرقی معیاری وقت شام کے 6:30 بجے شروع ہونیوالے ٹرمپ کی پریس کانفرنس کو سی این این اور فاکس نیوز کےعلاوہ ایم ایس این بی سی،سی این بی سی،اے بی سی، سی بی ایس اور این بی سی نے درمیان میں ہی روک دیا.

دوسری جانب ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے ریاست ڈیلاویئر کے شہر ولنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ صبرکریں، کوئی شک نہیں ہم جیتیں گے۔ ہرووٹ مقدس ہے اور اس کی گنتی ہونی چاہیے۔

معروف امریکی سیاستدان برنی سینڈرز نے کہا کہ 2016 میں ٹرمپ جیت رہے تھے توالیکشن ٹھیک تھے، اب ٹرمپ کو شکست نظر آرہی ہے تو الیکشن فراڈ ہو گئے۔ ٹرمپ لوگوں کا جمہوریت پر یقین ختم کرنا چاہتے ہیں۔ یہ باتیں آمریت کی طرف دھکیلنے والی ہیں۔

Leave a reply