وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے گورنر پنجاب اور نعیم الحق کی ملاقات

0
31

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کے درمیان آج گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات ہوئی ہے،

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی گئی اور مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیا گیا، وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق کیلئے بھارتی تسلط کے خلاف تاریخی جدوجہد کر رہے ہیں اور اقوام عالم کو مظلو م کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنا ہو گی، انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے کرفیو کے ذریعے کشمیریوں پر زندگی تنگ کر دی ہے، کشمیری عوام اپنی اس جدوجہد میں تنہا نہیں، پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے،

گورنر پنجاب چودھری محمد سرورنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر موثر انداز میں اٹھایا ہے، کشمیری عوام کے حق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے کہا کہ پاکستانی حکومت کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی، پاکستان اور کشمیر کا انمٹ رشتہ ہے، انہوں نے کہا کہ قوم نے گزشتہ روز بھرپور انداز میں یوم یکجہتی کشمیر منا کر دنیا کو واضح پیغام دیا ہے، ملاقات میں صوبہ پنجاب کے عوام کے فلاح و بہبود کے منصوبوں، سیاسی امور اور مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،

Leave a reply