وہاڑی (باغی ٹی وی رپورٹ): ڈپٹی کمشنر وہاڑی سید آصف حسین شاہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے مختلف وارڈز اور شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور ایم ایس سے بریفنگ لی۔ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف سے معلومات لینے کے ساتھ ساتھ مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی طبی سہولیات اور دیگر امور کے بارے میں بات چیت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈی ایچ کیو ہسپتال کو معیاری علاج معالجہ کے حوالے سے ماڈل بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہسپتال میں ڈیوٹی روسٹر کے مطابق حاضری، صفائی اور قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ نامناسب رویہ کی شکایات پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ ہسپتالوں اور دیگر اداروں کے اچانک معائنوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اداروں میں عوام کو بہتر سہولات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔