بھارت کی سب سے بڑی الیکٹرانکس کمپنی ‘ویڈیو کون”اور باغی ٹی وی میں دھماکہ خیز معاہدہ
بھارت میں الیکٹرونکس مصنوعات کی مینو فیکچرنگ کے حوالے سے سب سے بڑی کمپنی ویڈیو کون اور پاکستان میں سب سے زیادہ مقبول ویب ٹی وی باغی ٹی وی ڈاٹ کام کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ویڈیو کون کمپنی طرف سے تحریری طور پر باغی ٹی وی ڈاٹ کام کو آگاہ بھی کر دیا گیا ہے جس کے تحت باغی ٹی وی ڈاٹ کوم ویڈیو کون کی مصنوعات کو پاکستان سمیت دنیا بھی میں متعارف کروائے گا۔ 1985بھارت کے شہر اورنگ آباد میں اپنے کام کا آغاز کرکے اس وقت دنیاکے کئی ممالک میں اپنا نام پیداکرنے والی تقریباً 6ارب ڈالرز مالیت کی کمپنی ویڈیو کون کے چیئرمین وینو گوپال دھوت اور باغی ٹی وی ڈاٹ کام کے روح رواں مبشر لقمان کے درمیان ویڈیو کانفرنس کے بعد اس بات پرباہمی طور پر اتفاق کیا گیا کہ ویڈیو کون کی مصنوعات کے اشتہارات آئندہ ایک سال تک باغی ٹی وی ڈاٹ کام کی زینت بنیں گے جب کہ مختلف ٹاک شوز اور اہم ویڈیو پروگراموں میں ویڈیو کون کے اعلیٰ افسران نہ صرف اپنی مصنوعات کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کریں گے بلکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی میں کمی لانے کے حوالے سے بھی دونوں ملکوں کی اعلیٰ قیادت کو اپنے قیمتی مشوروں سے روشناس کریں گے۔ ویڈیو کون کمپنی اس وقت بھارت میں ٹیلی وژن سیٹ، واشنگ مشین، ایئر کنڈیشنرز، ریفریجریٹرز، مائیکرو ویو اوون اور الیکٹرونکس کی دیگر کئی مصنوعات تیار کر رہی ہے۔ اس وقت ویڈیو کون کمپنی کے بھارت میں 17شہروں میں مینو فیکچرنگ پلانٹس موجود ہیں۔ بھارت کے علاوہ ویڈیو کون کمپنی کے مین لینڈ چائنہ، میکسیکو، پولینڈ اور اٹلی میں بھی مینو فیکچرنگ پلانٹس کام کر رہے ہیں۔ویڈیو کون کمپنی 2009سے بھارت میں موبائل فونز بنانے اور ڈی ٹی ایچ سروس کا آغاز بھی کر چکی ہے اس کے علاوہ ٹیلی کمیونی کیشن اور پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے بھی ویڈیو کون کمپنی اپنا لوہا منوا چکی ہے جب کہ موجودہ کورونا وبا سے بچاؤ کے حوالے سے وینٹی لیٹرز، ماسک اور سینی ٹائزر نو پرافٹ نو لوس کے اصول پر تیار کر رہی ہے۔