مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی، بیس افراد کے خلاف مقدمہ درج

0
39

اسلام آباد۔ :مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر بیس افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ آرڈیننس 1979 اور دفعہ 144 کی سر عام و سنگین خلافِ ورزی کرتے ہوئے گزشتہ رات 11 بیس سے زائد افراد شکاری کتوں کے ہمراہ مارگلہ ہلز ٹریل تھری میں داخل ہوگئے۔

بورڈ کے افسران اور فیلڈ سپروائزر کی بروقت کارروائی کی وجہ سے شکاری موقع سے فرار ہوگئے۔ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق بیس سے زائد افراد شکاری کتوں کے ساتھ شکار کے لیے آئے جبکہ معمول کے گشت پر مامور افسران نے گاڑیوں کا تعاقب کیا تاہم گاڑیاں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئیں۔

بورڈ کے فیلڈ سپروائزر کی درخواست پر متعلقہ تھانہ کوہسار میں مقدمہ کا اندارج کر دیا گیا جس کے بعد پولیس نے مزید تحقیقات کے لیے سیف سٹی کے کیمروں کی مدد سے گاڑیوں کے نمبر کی شناخت شروع کر دی ہے۔یاد رہے کہ حال ہی میں بورڈ کی جانب سے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں دفعہ 144میں توسیع بھی کی گئی تھی۔

Leave a reply