28 اور 29 اگست کو ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج دہشتگردوں کے خلاف ایک مؤثر اور کامیاب آپریشن کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں 12 خوارج دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد یہ کامیابی حاصل کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق، سیکیورٹی فورسز کی یہ کارروائی 20 اگست سے شروع ہوئی، جب خوارج کی موجودگی کی اطلاع ملی۔ اس دوران وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشنز جاری رہے، جس میں خوارج اور ان سے وابستہ تنظیموں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔بیان کے مطابق، 20 اگست سے اب تک مجموعی طور پر 37 دہشتگرد ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ 14 دہشتگرد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر خوارج دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور ان بہادر سپاہیوں کی قربانیاں قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کے اس عزم اور محنت کی بدولت ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کی امید پیدا ہوئی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا ضلع خیبر میں کامیاب انٹیلی جنس آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں حالیہ کامیاب انٹیلی جنس آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں، صدر زرداری نے "فتنہ الخوارج” کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔صدر نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور اس جنگ میں پوری قوم افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی تاکہ ملک میں امن و امان برقرار رہے۔