وفاقی کابینہ کا اجلاس، لانگ مارچ ہر صورت روکنے کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس کے دوران پی ٹی آئی کا لانگ مارچ ہر صورت روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی کابینہ کی جانب سے کہا گیا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، کسی کو اسلام آباد بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ دھرنوں سے معیشت خراب اور دیہاڑی دار مزدور متاثر ہو گا۔

پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے کیلئے حکومتی حکمت عملی کے تحت پنجاب پولیس کے دستے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ اہلکاروں کو پولیس لائن ہیڈکوارٹر سمیت مختلف جگہوں پر ٹھہرایا گیا ہے۔

اسلام آباد میں دفعہ 144 دو ماہ کیلئے نافذ کر دی گئی جبکہ شہر کو جانے والے تمام راستے بند کر دیئے گئے ہیں، صوابی سے اسلام آباد موٹر وے کو دریائے سندھ کے پل کے قریب بند کیا گیا۔ پنجاب کے تمام اضلاع سے اسلام آباد جانیوالی ٹرانسپورٹ بھی بند ہے، پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کر کے رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے لاہور میں 20 مقامات پر موبائل سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے،قانون نافذ کرنے والےاداروں نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں ساڑھے350 مقامات پر موبائل فون سروس بند کی جائے گی۔ وزیراعلی پنجاب نے ان مقامات پر موبائل فون سروس کو بند کرنے کی منظوری دے دی۔

Comments are closed.