لاہور:معروف اداکار وہاج علی ایشیا کی 10 مقبول ترین شوبز شخصیات میں شامل ہوگئے۔
باغی ٹی وی:برطانوی اخبار ’ایسٹرن آئی‘نے 2023کی’ٹاپ 50 ایشین سیلیبریٹیز‘ کی فہرست جاری کردی، یہ فہرست ہر سال کے آخر میں شائع جاری ہوتی ہے، فہرست میں ان لوگوں کو شامل کیا جاتا ہے جنہوں نے فلم، ٹیلی ویژن، موسیقی، ادب اور دیگر مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے،فہرست میں وہاج علی کے علاوہ دیگر پاکستانی فنکار بھی شامل ہیں جبکہ ٹاپ 50 ایشین سیلیبریٹیز کی فہرست میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان پہلے نمبر پر موجود ہیں،وہاج علی فہرست میں نویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
ٹاپ گلوبل ایشین سلیبریٹی 2023 کی فہرست کو مرتب کرنے والے برطانوی اخبار ایسٹرن آئی انٹرٹینمنٹ کے ایڈیٹر اسجد نذیر نے وہاج علی کے سُپر ہٹ ڈراما سیریل "تیرے بن” میں ان کی شاندار پرفارمنس کی تعریف کی-
گلوبل ایشین سلیبریٹی 2023 کی فہرست میں شامل ہونے پر وہاج علی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں پہچان بنانا اچھا لگتا ہے لیکن ہر بار میری توجہ اپنی بہترین کارکردگی دکھانے پر مرکوز ہوتی ہے، میں اپنے مداحوں کی محبت کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے مجھے سپورٹ کیا، میں مزید محنت اور بہترین کام کرتا رہوں گا۔
واضح رہے کہ پاکستانی اداکار وہاج علی نے ڈرامہ انڈسٹری سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا ہے، وہاج کے مقبول ڈراموں میں ‘تیرے بن’، ‘عہد وفا’، ‘فتور’ سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں۔