والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا شاہی گزر گاہ کے کام کا آغاز

والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا شاہی گزر گاہ کے کام کا آغاز

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے شاہی گزرگاہ پیکج -IV کے کا م کا آغاز کر دیا۔

پیکج فور میں چوک پرانی کوتوالی سے لے کرسنہری مسجد تک کے علاقے کی ترقی اور بحالی کی جائے گی۔ پیکج فورمیں تقریبا 22 گلیوں ،بازار، تقریبا 150 عمارتوں اور سنہری مسجد کی مرمت وبحالی کی جائے گی اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ بجلی کے نظام کو انڈر گراؤنڈ کیا جائے گا۔ مکانات کی دیواروں کی بیرونی سطح پر واقع بجلی، ٹیلی فون، کیبل ٹی وی وغیرہ کی تاروں، پانی و گیس کے نلوں اور نکاسی آب کے پائپوں کی تبدیلی اور سہولتوں کے کنکشن کی برموقع فراہمی ۱ور سیوریج اور بارش کے پانی کا بہتر اور درست سسٹم متعارف کروایا جائے گا۔ اس پراجیکٹ پرتقریبا289 ملین روپے کی لاگت آئے گی۔

منصوبہ میں شامل تاریخی سنہری مسجد کی مرمت و بحالی پر 20 ملین لاگت آئے گی۔ بحالی کا کام آئندہ ڈیڑھ سال میں مکمل کر لیا جائے گا۔اور اس منصوبہ میں آغا خان ٹرسٹ فار کلچر تکنیکی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اورآغا خان ٹرسٹ فار کلچر نے اندرون شہر لاہور منصوبہ کو مکمل، پائیدار اور نقا ٰئص سے پاک بنانے کے لئے بہت سارے سروے اور اسٹڈیزبھی کروائی ہیں اس سلسلے میں غیر ملکی ماہرین اور اداروں سے مدد بھی لی گئی۔اس سے پہلے دہلی دروازے سے چوک پرانی کوتوالی تک مرمت و بحالی کا کام ہو چکا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری کا کہنا ہے کہ شہر کے قدیمی حسن کو بحال کرنے اور اس کو موجودہ دور کی ضروریات کے مطابق بنانے کے لئے یہ از حد ضروری ہے۔تاریخی و پرانی عمارات کسی بھی ملک کی ثقافتی و سماجی حیثیت کو اجاگر کرنے میں نمایاں مقام رکھتی ہیں اور یہ ملک کا اثاثہ بھی ہوتی ہیں۔ تاریخی حیثیت رکھنے والے اس علاقے کے رہائشیوں کو جدید دور کی سہولیات (گیس، بجلی، پانی کی نکاسی)فراہم کی جا سکیں اور ان کی زندگی کو بہتر بنایا جائے۔اس کے علاوہ گردونواح کو خوبصورت بنا کرسیاحوں کے لئے کشش پیدا کی جائے تاکہ اس علاقے کے مکین یہاں کے تاریخی پس منظر اور قدیم ثقافتی ورثے کو اپنی معاشی و معاشرتی ترقی کے لئے استعمال میں لا سکیں۔عمارتوں کے ساتھ ساتھ رہائشی بھی ہمارے لیئے اہمیت رکھتے ہیں۔

Comments are closed.